قلب مومن کو سکینت بھی عطا کرتی ہے
(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 27؍جولائی تا 12؍اگست 2021ء – سالانہ نمبر)
روزنامہ’’الفضل‘‘ربوہ 16؍مارچ 2013ء میں مکرمہ ح۔فہیم صاحبہ کی ایک نظم بعنوان ’’زورِدعا‘‘ شامل اشاعت ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:
عالم دہر میں اک حشر بپا کرتی ہے
قلب مومن کو سکینت بھی عطا کرتی ہے
ہیبتِ لشکر فرعون فنا کرتی ہے
جو ابو جہل کا ہر وار خطا کرتی ہے
جس کے اک وار سے لیکھو بھی مرا تھا آخر
تیغ کا کام بھی مومن کی دعا کرتی ہے
لاکھ تدبیر سے جو کام کوئی کر نہ سکے
ایک کمزور کی مضطر سی دعا کرتی ہے
وہ دعا جو درِ مولا پہ ہے مقبول بہت
گریہ زاری سے تضرّع سے سجا کرتی ہے
پھر بگڑتے ہوئے سب کام سنور جاتے ہیں
جب اثر پیارے خلیفہ کی دعا کرتی ہے
’’اے میرے فلسفیو زور دعا دیکھو تو‘‘
یہ دبے پاؤں سُوئے عرش چلا کرتی ہے