چاند اک دن ملتفت ہوگا میرے سنسار پر – نظم
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 29جون 2011ء میں مکرم مبارک احمد عابد صاحب کا کلام شائع ہوا ہے۔ اس کلام میں سے انتخاب پیش ہے:
چاند اک دن ملتفت ہوگا میرے سنسار پر
آئینے مَیں نے سجائے آس کی دیوار پر
بدگماں آکاس بیلیں خاک میں ملتی رہیں
پھول پھل لگتے رہے میرے سبھی اشجار پر
کوئی دیکھے تو سہی آخر یہ کس کا نور ہے
حسن بن کر ضَوفشاں اس نور کے مینار پر
قافلے خوشبو کے ہیں یا اس کے قدموں کے نشاں
پھول سجتے جا رہے ہیں رہگزار یار پر
وہ اسیرانِ قفس اور وہ ہمیشہ زندہ لوگ
میری آنکھوں سے ہیں چھلکے عید کے تہوار پر
رشک کرتے ہیں چکور اور چاند عابدؔ رات دن
اس میرے سروِ خراماں صاحبِ دستار پر