چند اہم نصائح اور مفید نسخے
(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 30؍اکتوبر 2023ء)
لجنہ اماءاللہ جرمنی کے رسالہ ’’خدیجہ‘‘ برائے2013ء نمبر1 میں خواتین کے لیے چند اہم نصائح اور مفید نسخے ’’بزم خواتین‘‘ کے زیرعنوان پیش کیے گئے ہیں۔
٭…مکرمہ مبارکہ بقاپوری صاحبہ بیان کرتی ہیں کہ مَیں اکثر حضرت اماں جانؓ کے پاس جایا کرتی تھی۔ وہ اکثرمجھے بہت مفید نصائح فرماتی رہتی تھیں جن پر عمل کرکے مجھے زندگی میں بہت فائدہ ہوا اور آج تک وہ نصائح میری زندگی کا بہت اہم حصہ ہیں۔ خاص طور پہ شادی کے بعد یہ نصائح میرے لیے مشعل راہ بنیں جب لڑکی کی ذمہ داریاں بہت بڑھ جاتی ہیں اورایک نئی زندگی کا آغاز ہوتا ہے۔وہ اکثر مجھ سے فرمایا کرتی تھیں کہ
’’کسی بھی بات کا کبھی غصہ نہیں کرنا چاہیے۔اگر کوئی ناجائز بات بھی ہوتو تب بھی اس وقت جواب نہیں دینا بلکہ خاموشی اور صبر سے کام لینا ہے ۔بعد میں آرام سے اور نرمی سے اپنی بات کی وضاحت کرنی چاہیے۔‘‘
٭…رنگت کی صفائی اور جگر کی اصلاح کے لیے درج ذیل نسخہ جات حضرت سیدہ امۃالحفیظ بیگم صاحبہؓ کی ڈائری سے حاصل کردہ ہیں:
1 ۔دودھ میں شہد خالص ایک چائے کا چمچہ یا دو چمچے ملاکر صبح کو نہار منہ پینا فائدہ مند ہے۔
2 ۔منقہ اور عناب گیارہ گیارہ دانے رات کو بھگو دیے جائیں اور صبح چھان کر پیا جائے ۔
٭… اسی طرح کمر د رد کے لیےیہ نسخہ لکھا ہوا ہے کہ ہلدی تازہ لے کر پیس لی جائے اور اس میں سے چائے کا ایک چمچہ بھر ہلدی لے کر دودھ میں بگھار کر پی جائے ۔
٭…چہرے کے داغ دھبے دُور کرنے کے لیے محترمہ بی بی امۃالحلیم صاحبہ نے یہ بیان فرمایا کہ جب ان کی شادی ہونے والی تھی تو ان کو چکن پاکس (خسرہ کے دانے) نکل آئے تھے اور عین شادی کے دنوں میں اُن کے چہرے پر داغ رہ گئے تھے۔ تب حضرت نواب مبارکہ بیگم صاحبہؓ نے ان کو ایک نسخہ بتایا تھا جس کے استعمال سے کوئی داغ باقی نہیں رہا۔ یہ نسخہ درج ذیل ہے:
گلاب کے عرق میں مصری اور گندم کے آٹے کا چھان ہم وزن لے کر پیسٹ سا بنا لیں اور منہ پہ لیپ کریں۔ جب یہ ماسک خشک ہو جائے تو ٹھنڈے پانی سے منہ دھولیں۔