گالف
ماہنامہ ’’تشحیذالاذہان‘‘ ربوہ جنوری 2011ء میں گالف (Golf) کے بارہ میں ایک معلوماتی مضمون عزیزم ارباب احمد کے قلم سے شامل اشاعت ہے۔
سکاٹ لینڈ کا قومی کھیل گالف ہے جو ممکنہ طور پر جرمن زبان کے لفظ‘‘Kolbe’’(جس کا مطلب ہے ہاکی نما چھڑی) یا ڈَچ زبان کے لفظ Kolf سے نکلا ہے۔ گالف میں استعمال ہونے والی اس چھڑی کو Club کہتے ہیں۔
انگلستان میں پہلی دفعہ گالف 1457ء میں کھیلی گئی۔ جلد ہی یہ کھیل بہت شہرت پاگیا۔ یکم مئی 1744ء کو گالف کاپہلا کلب قائم کیا گیا جس کا نامThe Honourable Company of Edinburg Golfer تھا۔ اس کلب کا پہلا کپتان William St. Clair کو بنایا گیا۔
پہلے گالف کی گیند لکڑی کی بنائی جاتی تھی لیکن پھر چمڑے کے ایک خول میں پَر بھر کر گیند بنائی گئی۔ 1902ء میں امریکہ میں ایک نئی گیند تیار کی گئی جو ربڑ کی تہوں کو ربڑ کے ایک کور میں سی کر بنائی گئی تھی۔ آج بھی یہی گیند استعمال کی جاتی ہے۔
گالف کے میدان کو گالف کورس کہا جاتا ہے۔ اس کورس میں عموماً اٹھارہ holes ہوتے ہیں۔ اسی کورس پر چیمپئن شپ کھیلی جاتی ہے۔ اس کی لمبائی عموماً ساڑھے پانچ ہزار سے ساڑھے چھ ہزار میٹر تک ہوتی ہے۔ تاہم بعض اوقات کورس کے نو، بارہ یا پندرہ holes بھی ہوسکتے ہیں۔