’’تحدیث نعمت‘‘ کا انگریزی ایڈیشن

(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ ’’الفضل انٹرنیشنل‘‘ …2؍جون 2026ء)

حضرت چودھری سر محمد ظفراللہ خان صاحبؓ

حضرت چودھری سرمحمد ظفراللہ خان صاحبؓ کی خودنوشت ’’تحدیث نعمت‘‘ کا انگریزی ترجمہ مکرم کنور ادریس صاحب نے Recollection of Divine Favours کے نام سے کیا ہے۔ اس میں مترجم کے قلم سے ایک پیش لفظ بھی شامل ہے جس میں گویا حضرت چودھری صاحبؓ کی منفرد کامیابیوں اور حُسنِ سیرت کا خلاصہ پیش کردیا گیا ہے۔ اس پیش لفظ کا اردو ترجمہ مکرم ڈاکٹر پرویز پروازی صاحب کے قلم سے روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 27؍جون 2014ء کی زینت ہے۔ اس پیش لفظ کے چیدہ چیدہ نکات ذیل میں ہدیۂ قارئین ہیں۔

ناصر احمد پرویز پروازی صاحب

حضرت سرمحمد ظفراللہ خان صاحبؓ (1893ء ۔ 1985ء) ایک وکیل اور جج، منتظم اور سفارت کار، مذہبی علوم کے شناور اور کتب کے مصنف تھے اور بایں ہمہ سیاستدان بھی تھے۔ آپؓ نے ان تمام میدانوں میں اپنے نقوش مرتسم کیے۔ قیامِ پاکستان کے بعد بانی پاکستان محمد علی جناح اور پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان دونوں کی مشترکہ خواہش تھی کہ آپؓ نوزائیدہ مملکت کے چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالیں یا تقسیم کے نتیجےمیں سب سے زیادہ افراتفری کا شکار ہونے والے صوبے پنجاب کی وزارت علیا پر فائز ہوجائیں مگر ان سب سے بہتر ہوگا کہ مُلک کے وزیرخارجہ بن جائیں اور آپؓ نے ساڑھے چھ سال یہ ذمہ داری نبھائی۔
آپؓ کی عملی زندگی کئی مسابقتوں کا مرقّع ہے جو خود اختیارکردہ نہیں بلکہ اتفاقی ہیں۔ اگر آپؓ کی دائیں آنکھ کی نظر کمزور نہ ہوتی تو آپؓ گورنمنٹ کالج کے دیگر آنرز گریجوایٹس کی طرح ICS میں چلے گئے ہوتے۔ پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے کیمبرج پہنچے تو طبّی معاملات آڑے آئے اور مجبوراً لنکنزاِن اور کنگز کالج میں قانون کی تعلیم حاصل کرنے کی طرف متوجہ ہوئے۔ اور پھر آپؓ پہلے ہندوستانی تھے جو لندن یونیورسٹی میں ایل ایل بی کے امتحان میں اوّل آئے۔ آپؓ پہلے ایشیائی تھے جو پندرہ سال تک بین الاقوامی عدالتِ انصاف کے جج رہے اور اس کی صدارت پر بھی متمکّن ہوئے۔ آپؓ کو یہ اوّلیت بھی حاصل ہوئی کہ آپؓ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور بین الاقوامی عدالتِ انصاف دونوں کی صدارت پر سرفراز ہوئے۔
78؍سال کی عمر میں آپؓ نے اپنی یادداشت کے سہارے پندرہ سو صفحات پر مشتمل اپنے حالاتِ زندگی قلمبند کیے۔ دس سال بعد مزید اٹھارہ صفحات لکھ کر مسوّدہ مکمل کردیا۔ مرتّبین نے کتاب کو صرف ایک جلد تک محدود کرنے کے لیے اسے 750؍صفحات تک محدود کردیا۔ افسوس کہ کانٹ چھانٹ کرکے نکالے گئے صفحات کا کوئی سراغ نہیں ملتا۔

قائداعظم محمدعلی جناحؒ

آپؓ 1930ء سے 1932ء تک لندن میں ہونے والی گول میز کانفرنسوں میں شامل ہوئے تو سر آغا خان کا غیرمتزلزل اعتماد حاصل کیا۔ وہ سر آغا خان ’’جن کے لیے سب دروازے بغیر دستک دیے کھل جاتے تھے۔‘‘ نیز ونسٹن چرچل نے آپؓ کو یوں خراج تحسین پیش کیا کہ ’’ہندوستان کی آئینی اصلاحاتی کمیٹی کے روبرو تم نے دو گھنٹے میرا ناک میں دم کیے رکھا۔‘‘
1935ء میں آپؓ جب وائسرائے کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رُکن بنے تو لاہور ہائیکورٹ کی الوداعی تقریب میں چیف جسٹس ڈگلس ینگ نے یوں خراج تحسین پیش کیا کہ ایک لحاظ سے مَیں نے اطمینان کا سانس لیا ہے کہ یہ یہاں سے جانے والا ہے۔ اس کے زورِ خطابت کے اثر سے خطرہ تھا کہ مجھ سے سرکار کے حق میں کوئی بےانصافی سرزد ہوجائے۔ نوبت اب یہاں تک پہنچ گئی تھی کہ کسی بھی جرم کا مرتکب اسے وکیل کرلیتا تو صاف بچ نکلتا۔
تقسیم ہند کے وقت قائداعظم محمد علی جناح نے پنجاب باؤنڈری کمیشن کے سامنے مسلم لیگ کا کیس پیش کرنے کے لیے آپؓ کا انتخاب کیا۔ بعد میں اقوام متحدہ میں کشمیر اور فلسطین کا کیس پیش کرنے کے لیے بھی آپؓ کا انتخاب کیا۔ تینوں مواقع پر آپؓ کے مخالفین نے بھی آپؓ کی قانونی قابلیت کا بھرپور اعتراف کیا۔ دراصل قائداعظم کی نگاہ میں آپؓ کی پسندیدگی کی تاریخ پرانی ہے۔ چنانچہ 1937ء میں حضرت چودھری صاحبؓ نے برطانوی ہند کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے لنکاشائر انڈسٹری سے ایک تجارتی معاہدہ کیا تو امپیریل دستورساز اسمبلی کی آزاد پارٹی کے سربراہ مسٹر محمد علی جناح نے اس حوالے سے کہا: میرے لیے ظفراللہ کی تعریف میں کچھ کہنا ایسے ہی ہے جیسے مَیں اپنے بیٹے کی تعریف کررہا ہوں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے کی حیثیت سے آپؓ نے زرّیں تاریخ رقم کی۔ پاکستانی وفد میں شامل سیّداحمد سعید کرمانی بیان کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی راہداریوں میں مجھے ظفراللہ کے ملک کا مندوب کہہ کر پہچانا جاتا تھا۔ ظفراللہ کے لیے بادشاہ اور صدور آداب و رسوم کو بالائے طاق رکھ دیتے تھے۔ مراکش کے شاہ حسن ان کے استقبال کے لیے محل کی سیڑھیوں تک چل کر آئے، مصر کے صدر نجیب ان کو لینے خود ہوائی اڈّہ پر پہنچے۔ اردن کے شاہ حسین انہیں اپنا بھائی سمجھتے تھے۔ الجیریا کی گلیوں میں عوام ان کے استقبال کے لیے قطار در قطار کھڑے رہتے تھے۔ تیونس میں پیدا ہونے والے کئی بچوں کے نام ان کے نام پر رکھے گئے۔
آپؓ پکے مذہبی آدمی تھے جن کی اپنی بیوی پردہ دار تھی۔ مگر ہر حیثیت کی دیگر خواتین آپؓ سے ملاقات کو بہت پسند کرتیں۔ برطانیہ کی ملکہ مَیری نے اپنے سٹاف کو ہدایت دے رکھی تھی کہ اُن کے محل میں قیام کے دوران اگر ظفراللہ کی نماز کا وقت ہوجائے تو اس کا انتظام کیا جائے۔ ہالینڈ کی ملکہ جولیانہ نے آپؓ کو یہ منفرد اعزاز دیا کہ عالمی عدالت سے ریٹائرمنٹ کے وقت آپؓ کو اپنے محل میں الوداعی دعوت دی۔ بیگم رعنا لیاقت علی خان جب ہالینڈ میں پاکستان کی سفیر تھیں تو اصرار کرتی تھیں کہ آپؓ ہر ہفتے کے اختتام پر کھانا اُن کے ساتھ کھائیں۔ آپؓ کی وفات پر بیگم رعنا نے آپؓ کی متنوّع طبیعت اور برجستہ حس مزاح کی بہت تعریف کی۔ بھوپال کی شہزادی عابدہ سلطانہ پر آپؓ کی غیرمعمولی دانشمندی، اخلاص اور بےپناہ حبّ الوطنی کا گہرا اثر تھا۔ وہ آپؓ کی بعض منفرد خدمات بیان کرنے کے بعد کہتی ہیں کہ یہ بات کتنی شرمناک ہے کہ پاکستان نے محض اُن کے ذاتی عقائد کے اختلاف کی وجہ سے اُن کی اعلیٰ ترین خدمات پر پردہ ڈال دیا ہے۔

کنور ادریس صاحب

جناب کنور ادریس (مترجم) لکھتے ہیں کہ آپؓ کا اپنا حال یہ تھا کہ ایک پاؤنڈ یومیہ پر گزارہ کرتے تھے۔ سفر پر جاتے تو کسی سادہ معیشت والے دوست کے ہاں قیام کرتے۔ عالمی عدالت جانے کے لیے بسوں پر سفر کرتے یا پیدل ہی اپنے دفتر چلے جاتے۔ پچپن برس قبل پاکستان سول سروس کے زیرتربیت افسر کی حیثیت سے راقم الحروف کو ایک دو راتیں احمدیہ مشن ہاؤس دی ہیگ سے ملحقہ کمرے میں گزارنے کا موقع ملا۔ چلتے وقت مَیں نے میزبان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہہ دیا کہ کمرہ ذرا چھوٹا ہے۔ جب اُس نے بتایا کہ حضرت چودھری صاحبؓ اسی کمرے میں مہینوں قیام فرما رہے ہیں تو مَیں پسینےپسینے ہوگیا۔ بعد ازاں چودھری صاحب مسجد فضل لندن سے ملحقہ ایک کمرے کے فلیٹ میں برسوں مقیم رہے اور لاہور اپنے کشادہ مکان میں اُس وقت آئے جب احساس ہوا کہ جانے کا وقت قریب ہے۔
آپؓ کی یادداشتیں کسی روایتی مدبّر یا جج کی یادداشتیں نہیں ہیں بلکہ ان کا لہجہ ایک ایسے باپ کا ہے جو اپنے بچوں کو تنبیہ و طنز و تمسخر کا سہارا لیے بغیر بتا رہا ہے کہ اس کی زندگی کیسے گزری۔ آپؓ کے اسی لہجے نے مجھے ’’تحدیث نعمت‘‘ کا ترجمہ کرنے پر اُکسایا حالانکہ آپؓ کی اپنی لکھی ہوئی A Servant of God بھی موجود ہے نیز کولمبیا یونیورسٹی کے دو پروفیسروں کو دیے گئے انٹرویوز بھی دستیاب ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں