الفضل کے قدیم ترین کارکن
(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ، الفضل انٹرنیشنل 27؍اکتوبر2025ء)
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ کے صدسالہ جوبلی سوونیئر 2013ء میں دفتر الفضل کے قدیم ترین کارکن محترم چودھری غلام رسول صاحب کا تعارف (مرتبہ:محمد رئیس طاہر صاحب) شامل اشاعت ہے۔ آپ گذشتہ 58سال سے دفتر الفضل سے منسلک ہیں اور اب بھی جبکہ آپ کی عمر 74سال ہے، روزانہ اپنے گھر واقع احمدنگر سے سائیکل پر دفتر آتے ہیں۔ آپ پیدائشی احمدی ہیں۔ 1939ء میں رام غوث گڑھ ضلع لدھیانہ میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد کا نام مکرم شیر محمد صاحب اور والدہ کا نام مکرمہ زینت بی بی صاحبہ تھا۔ شیرمحمد صاحب کے کزنز نے احمدیت قبول کی اور ان کو بھی جلسہ سالانہ پر قادیان لے گئے۔ چنانچہ انہوں نے حضرت مصلح موعودؓ کے ہاتھ پر بیعت کی توفیق پائی۔
مکرم غلام رسول صاحب نے پرائمری تک تعلیم حاصل کی۔ قیام پاکستان کے بعداحمدنگر میں رہائش اختیار کی اور 1954ء میں جامعہ احمدیہ میں بطور مددگار کارکن خدمت کا آغاز کیا۔ قریباً ایک سال بعد یکم نومبر1955ء سے روزنامہ الفضل میں تعینات ہوئے۔ 1966ء سے لے کر 1982ء تک آپ ہر روز حضر ت خلیفۃالمسیح الثالثؒ کی صحت کے متعلق اطلاع لے کر آنے کی ڈیوٹی دیتے رہے۔ آپ اطلاع لے کر آتے تب الفضل کے ٹائٹل پیج کی کاپی تیار ہوتی جسے آپ خود ہی کاپی پریس میں چھوڑ کر آتے۔ حضورؒ کے علاوہ حضرت صاحبزادی نواب مبارکہ بیگم صاحبہؓ اور حضرت صاحبزادی امۃالحفیظ بیگم صاحبہؓ کی صحت کی اطلاع بھی آپ حاصل کرتے۔ یہ اطلاعات محترم ڈاکٹرمرزا منور احمد صاحب تحریر فرمایا کرتے تھے۔
