اپنے گھر الفضل لگواؤ
(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ، الفضل انٹرنیشنل 29؍ستمبر2025ء)
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ کے صدسالہ جوبلی سوونیئر 2013ء میں مکرم بشارت احمد باجوہ صاحب رقمطراز ہیں کہ 1992ء میں خاکسار نے لوکل انجمن احمدیہ میں ملازمت شروع کی تو پہلے چھ سال کے عرصے میں رات دن کی ڈیوٹی کے نتیجے میں شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوگیا اور حالت اتنی بگڑ گئی کہ اپنے پرائے کی پہچان نہ رہتی۔ تقریباً تین سال کا یہ عرصہ بہت کٹھن تھا جو میرے بچوں اور بیوی نے نہایت صبر کے ساتھ گزارا۔ میری بیوی نے اس عرصے کو خدا کے حضور التجاؤں میں گزارا۔ ایک روز تہجّد کے بعد انہوں نے ایک بزرگ کو خواب میں دیکھا جو اُن کے سر پر ہاتھ رکھ کر کہتے ہیں کہ بیٹا! اپنے گھر الفضل لگواؤ اور اپنے میاں کو پڑھنے کے لیے دو۔
اپنی بیوی کے یہ خواب سنانے پر ہم نے الفضل لگوالیا اور پھر جب مَیں ناشتہ کرنے آتا تو میری بیوی کہتیں کہ مَیں ناشتہ بناتی ہوں، آپ مجھے الفضل پڑھ کر سنائیں۔ چنانچہ مَیں بآواز بلند الفضل سے ارشادات عالیہ اور حدیث پڑھ کر سناتا۔ یوں دن گزرتے گئے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے میری ذہنی حالت آہستہ آہستہ ٹھیک ہوتی گئی۔ الحمدللہ