بطور شکرانہ الفضل
(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ، الفضل انٹرنیشنل 29؍ستمبر2025ء)
روزنامہ’’الفضل‘‘ربوہ 18؍جون2014ء میں مکرم بشارت احمد چیمہ صاحب بیان کرتے ہیں کہ پہلی یا دوسری کلاس میں تھا جب گھر میں الفضل آنے کا شعور ملا جس پر چسپاں ایک چِٹ پر نام ’’احمد حسین چیمہ‘‘ لکھا ہوتا تھا۔ سارے الفضل میں مَیں صرف یہی ایک چِٹ پڑھ سکتا تھا۔ تاہم نام پڑھ کر احساس ہوتا کہ اس نام کا تو کوئی فرد ہمارے گھر میں ہے ہی نہیں۔ پوچھنے پر والدین نے بتایا کہ جب مَیں پیدا ہوا تو اپنے دادا چودھری محمد حسین چیمہ صاحب کا سب سے بڑا پوتا تھا، انہوں نے اپنے نام کی مناسبت سے میرا نام رکھا اور شکرانے کے طور پر الفضل بھی جاری کروادیا۔ بعد میں والد محترم چودھری غلام احمد چیمہ صاحب نے حضرت خلیفۃالمسیح الثانیؓ کی خدمت میں خط لکھا تو حضورؓ نے میرا نام بشارت احمد چیمہ رکھا۔ بہرحال میری پیدائش پر بطور شکرانہ جاری کروایا گیا الفضل اخبار آج 65؍سال بعد بھی جاری ہے۔
ڈاک ہمارے سکول کے استاد کے پاس آیا کرتی تھی۔ وہی گاؤں کے پوسٹ ماسٹر تھے۔ صبح سویرے پہلا کام اُن سے ڈاک کا لانا ہوتا تھا۔ مطالعہ کرنے کے بعد الفضل کسی دوسرے مستحق احمدی کے گھر دے دیا جاتا۔