جب پاکستان بن گیا
(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، روزنامہ الفضل انٹرنیشنل 11؍اگست 2025ء)
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 13؍اگست 2014ء کی خصوصی اشاعت ’’پاکستان نمبر‘‘ کے حوالے سے شائع ہوئی ہے۔ اس میں قیام پاکستان کے بعد کے چند تاریخی واقعات جناب زاہد حسین انجم صاحب کی کتاب ’’معلوماتِ پاکستان‘‘ سے پیش کیے گئے ہیں۔ (مرسلہ: دانش احمد شہزاد صاحب)

= پاکستان کا نام جناب چودھری رحمت علی نے تجویز کیا تھا۔ انہوں نے صوبہ پنجاب سے ’پ‘، صوبہ سرحد میں رہنے والے افغان سے ’ا‘، کشمیر کا ’ک‘، سندھ کا ’س‘ اور بلوچستان سے ’تان‘ کو ملاکر یہ نام تجویز کیا۔ 23؍مارچ1956ء کو جب ملک میں پہلا آئین نافذ کیا گیا تو اس میں اسے ’’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘‘ کا نام دیا گیا۔
= پاکستان کا پرچم گہرے سبز رنگ کا تھا جس میں سفید عمودی پٹی کا اضافہ 11؍اگست 1947ء کو ہوا اور 9؍فروری 1949ء کو چاند ستارے کا اضافہ کیا گیا۔
= پاکستان کا قومی ترانہ جناب حفیظ جالندھری نے لکھا جسے 7؍اگست1954ء کو منظور کیا گیا۔ اس ترانہ کی دھنیں جناب احمدجی چھاگلہ نے ترتیب دیں۔
= 25؍فروری1948ء کو اردو کو قومی زبان قرار دیا گیا۔
= یکم اپریل 1948ء کو پاکستانی روپیہ رائج ہوا جس کا ڈیزائن ممبئی کے مشہور آرٹسٹ مسٹر پی ڈبلیو برنڈلے نے تیار کیا۔ یکم جولائی 1948ء کو مرکزی بینک یعنی سٹیٹ بینک آف پاکستان کی بنیاد قائداعظم محمد علی جناح نے رکھی۔ 25؍فروری1951ء کو بھارت نے پاکستانی سکّے کی اصل قیمت کو سرکاری سطح پر تسلیم کیا جس کی رُو سے پاکستان کے سو روپے بھارت کے 144؍روپے کے برابر تھے۔
= قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی سب سے بڑی عدالت کا نام فیڈرل کورٹ رکھا تھا جسے 1956ء کے آئین میں سپریم کورٹ آف پاکستان کا نام دیا گیا۔
= پاکستان کا پہلا دارالحکومت کراچی تھا۔ اسلام آباد والی جگہ کو 1959ء میں مرکزی دارالحکومت کا علاقہ قرار دیا گیا اور 25؍فروری 1960ء کو اس جگہ کا نام اسلام آباد رکھا گیا۔
= پاکستان کا معیاری وقت یکم اکتوبر1951ء کو رائج کیا گیا۔
Very informative