سرکہ

(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ، روزنامہ ’’الفضل انٹرنیشنل‘‘ 16؍مارچ 2026ء)

سرکہ مختلف قسم کے اناج اور پھلوں میں خمیر اٹھانے سے تیار ہوتا ہے۔ رسالہ ’’خدیجہ‘‘ جلد2014ء نمبر1 میں سرکہ کے فوائد مکرمہ فوزیہ بشریٰ صاحبہ کے قلم سے شامل اشاعت ہیں جو ڈاکٹر خالد غزنوی صاحب کی کتاب ’’طب نبویؐ اور جدید سائنس‘‘ کی مدد سے قلمبند کیے گئے ہیں۔
انسان زمانۂ قدیم سے سرکہ بنانے کے فن سے آشنا تھا۔ الہامی کتابوں میں بھی اس کا ذکر بکثرت ملتا ہے۔ فتح مکّہ کے روز آنحضورﷺ اپنی پھوپھی حضرت اُمّ ہانیؓ کے ہاں تشریف لے گئے اور پوچھا کہ کیا کچھ کھانے کے لیے ہے؟ پھوپھی نے کہا سوائے ایک سوکھی روٹی کے اَور کچھ نہیں۔ آپؐ نے وہ روٹی اور پانی منگوایا اور سوکھی روٹی پانی میں بھگوکر فرمایا: یہ تو بہت ہی اچھی روٹی ہے۔ پھر پوچھا: کوئی سالن ہے؟ پھوپھی نے نفی میں جواب دیا اور کہا کہ صرف تھوڑا سا کھٹا سرکہ پڑا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس سے اچھا سالن اَور کیا ہوگا! چنانچہ آپؐ نے بھگوئی ہوئی روٹی سرکہ سے کھائی۔
سرکہ ٹھنڈک اور حرارت کا ایک حسین امتزاج ہے۔یہ جراثیم کُش ہے اور جسم سے فاسد مادے خارج کرتا ہے۔ خون کو صاف کرتا ہے اور پھوڑے پھنسیوں کو دور کرتا ہے۔ جسم سے زہریلی ادویہ کے اثر کو دور کرتا ہے۔ پتّہ سے صفرا کے نکلنے کی رفتار کو اعتدال پر لاتا ہے۔ یہ پیٹ کو چھوٹا کرتا ہے۔ تلّی کے بڑھنے کو روکتا ہے۔ معدہ کی جلن کو دُور کرتا ہے۔
جسم کے کسی حصے میں اگر خون کا انجماد ہوجائے تو یہ اسے حل کرکے پھر سے سیال بنا دیتا ہے۔بچے والی عورتوں کا دودھ اگر رُک جائے توسرکہ کے لیپ اور سرکہ پینے سے جاری ہوجاتا ہے۔ شہد کے ساتھ سرکہ ملا کر پینے سے حیض کا درد اور کمی دُور ہو جاتے ہیں۔ سرکہ گرم کرکے اور نمک ملا کر پیا جائے تو یہ منہ اور حلق کی سوزش، حساسیت اور دیگر امراض میں مفید ہے۔ گرم سرکہ سے غرارے دانت کی درد میں مفید ہیں اور مسوڑھوں کو مضبوط کرتے ہیں۔
گرم سرکے کا پینا معدہ کو تقویت دیتا ہے۔ جسمانی قوت میں اضافہ کرتا ہے۔ جسم کے اندرونی جریانِ خون میں سرکہ پلانا مفید ہے۔ مقامی طور پر خون کی گردش میں اضافہ کرتا ہے اور جراثیم کُش ہونے کی بِنا پر فنگل انفیکشن میں یہ کمال کی چیز ہے۔ گرم پانی میں نمک اور سرکہ ملاکر کُلّی کرنے سے دانت درد جاتا رہتا ہے۔ یہ عمل بار بار کیا جائے تو مسوڑھوں کی انفیکشن بھی دُور کر دیتا ہے۔ اس کے غرارے حلق کی سوزش اور خناق میں بھی مفید ہیں۔ بخار کی شدت کو توڑنے کے لیے سرکہ ملے ہوئے پانی میں کپڑا بھگو کرمریض کے جسم پر پھیرتے ہیں۔
ثابت ران یا گوشت کے بڑے ٹکڑوں کو پکانے سے پہلے پچھنے لگا کر سرکہ لگایا جاتا ہے اس سے گوشت کے سخت ریشے گل جاتے ہیں۔ پیسی ہوئی سرخ مرچوں کو سرکہ میں پکا کر چائنیز چٹنی بنائی جاتی ہے۔ انڈا اور زیتون ملا کر سرکہ خوب ہلانے سے Mayonnaise چٹنی بنتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں