محترم سیّد عبدالحئی شاہ صاحب
(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 26؍اگسست 2024ء)


روزنامہ ’’الفضل‘‘ربوہ کے صدسالہ جوبلی سوونیئر ۲۰۱۳ء میں محترم سیّد عبدالحئی شاہ صاحب کا ذکرخیر کرتے ہوئے مکرم عبدالسمیع خان صاحب سابق مدیر الفضل تحریر کرتے ہیں کہ مجھے تیرہ سال آپ کی راہنمائی میں کام کرنے کا موقع ملا اور آپ کو نہایت محنتی، صائب الرائے اورمتحمّل مزاج پایا۔ دیگر مصروفیات کے باوجود اُن اعلانات اور مضامین کو ملاحظہ فرماکر فوری طور پر ہدایت دیتے جو آپ کی خدمت میں مشورہ کے لیے بھیجے جاتے۔ ہدایت دیکھ کر علم ہوجاتا کہ آپ نے سرسری نظر سے نہیں بلکہ گہری نظر سے ملاحظہ فرمایا ہے۔
آپ کی تحریر صرف ظاہری خوبصورتی ہی نہیں رکھتی تھی بلکہ نہایت جچے تلے الفاظ اور معانی سے پُر ہوتی تھی۔ جس مضمون میں اصلاح فرماتے اس میں نگینے جڑ دیتے تھے۔
کوئی بزرگ یا احباب اپنے کسی مضمون میں تبدیلی یا تاخیر پر ناراض ہوتے تو آپ حکمت کے ساتھ راہنمائی فرماتے اور اُن کی ناراضگی دُور کرنے کا کام اپنے ذمہ لے لیتے۔
الفضل پر قانونی معاملات میں سخت وقت بھی آئے مگر کبھی آپ کو گھبرایا ہوا نہیں دیکھا۔ تحمّل اور خاموشی سے دعا کے بعد حوصلہ دیتے اور دشمن کی تدبیر کا مناسب توڑ تجویز فرماتے۔ آپ کے دَور میں دفتر الفضل میں چار کمروں کی توسیع ہوئی، عمارت کی مرمّت اور تزئین کا کام بھی ہوتا رہا۔ الفضل کے کاغذ کے بارے میں ہمیشہ فکرمند رہتے اور ہدایت کرتے کہ تین چار ماہ کا کاغذ سٹاک میں موجود رہے۔ ہماری درخواست یا اختلاف کو خندہ پیشانی سے قبول کرتے یا ٹھوس دلیل سے اس طرح ردّ کردیتے کہ طبیعت میں ملال نہ پیدا ہوتا۔ ہمیشہ ایک مہربان باپ اور بزرگانہ شفقت کے ساتھ پیش آتے۔ خلیفہ وقت کی طرف سے موصول ہونے والے ارشادات کے بارے میں راہنمائی فرماتے کہ بہترین طور پر اس کی تعمیل کیسے ہوسکتی ہے۔