الفضل سے قلبی وابستگی
(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ، الفضل انٹرنیشنل 22؍ستمبر2025ء)
روزنامہ’’الفضل‘‘ربوہ 18؍جون2014ء میں مکرمہ احمدی بیگم صاحبہ بیان کرتی ہیں کہ جب سے مَیں نے ہوش سنبھالی تو گھر میں الفضل کو دیکھا۔ اُس وقت یہ سہ روزہ تھا۔ جب الفضل کو بندش کا سامنا کرنا پڑا تو یہ چیز شدید ذہنی اور قلبی کرب کا باعث تھی کہ اکثر دعا کے دوران آنسو نکل آتے۔ آخر ایک روز خواب دیکھی کہ میرے پوتے نے الفضل دیتے ہوئے کہا کہ یہ لیں جسے ہر وقت یاد کرتی تھیں۔ پھر ایک شب دیکھا کہ ہاکر نے اخبار ڈالے ہیں جاکر دیکھا تو الفضل بھی اس میں تھا۔ مَیں نے اٹھاکر چوما اور سب کو آواز دے کر یہ خوشخبری دی۔ آنکھ کھلی تو صبح کی اذانیں ہورہی تھیں۔ طبیعت پر اداسی چھاگئی جسے دُور کرنے کے لیے نماز اور تلاوت کے بعد حضورانور کی کیسٹ لگالی۔ اسی دن لجنہ کی ایک عہدیدار آئیں تو بتایا کہ الفضل دوبارہ جاری ہورہا ہے۔ یہ خبر سن کر کچھ بول نہ سکی صرف آنسو نکل آئے۔ پھر چند دن بعد ملازم اخبارات لایا تو سب سے اوپر الفضل نظر آیا۔ بےاختیار اٹھاکر سینے سے لگایا اور آنسوؤں کے ساتھ سجدہ میں گر کر دعا کی کہ خدا کرے کہ یہ نہر مصفّٰی ہمیشہ جاری رہے۔