انٹرویو: محترم راجہ غالب احمد صاحب

(مطبوعہ الفضل ڈائجسٹ، الفضل انٹرنیشنل …؍دسمبر2025ء)

فخرالحق شمس صاحب

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ کے صدسالہ جوبلی سوونیئر 2013ء میں خادم سلسلہ، ماہر تعلیم، دانشور اور شاعر محترم راجہ غالب احمد صاحب کا ایک مختصر انٹرویو بقلم مکرم فخرالحق شمسؔ صاحب شامل اشاعت ہے۔

راجہ غالب احمد صاحب

محترم راجہ غالب احمد صاحب آف لاہور 85برس کی عمر میں بھی بہت فعّال ہیں اور ہر تقریب اور جماعتی پروگرام میں شریک ہوکر اپنے علم اور تجربہ سے فیضیاب کرتے ہیں۔ آپ بحیثیت شاعر، دانشور اور ناقد ملک کے مقتدر علمی اور ادبی حلقوں میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے اور پہچانے جاتے ہیں۔ ملکی اور بین الاقوامی جرائد میں آپ کی نظمیں اور تحریریں اردو اور انگریزی میں شائع ہوتی رہتی ہیں۔ نصف صدی سے زائد عرصہ ادب و شاعری سے آپ کا تعلق پھیلا ہوا ہے۔ آپ کی کتب ’’تشدد کا تاریخی پس منظر‘‘، ’’راحت گمنام‘‘ اور ’’رخت ہنر‘‘ آپ کی زندگی کا اثاثہ ہیں۔ آپ کا ایک تحقیقی مقالہ History of Circumcision گورنمنٹ کالج لاہور نے شائع کیا تھا۔ آپ نے آغاز میں پاکستان ایئرفورس میں ملازمت کی لیکن بعدازاں محکمہ تعلیم کو 1962ء میں جوائن کیا اور تقریباً تمام کلیدی عہدوں پر فائز رہے جن میں سیکرٹری اور کنٹرولر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجو کیشن پنجاب، چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکرٹری ایجوکیشن سرگودھا، چیئرمین پنجاب ٹیکسٹ بُک بورڈ اور مشیر تعلیم حکومتِ پنجاب نمایاں ہیں۔
الفضل کے100سال پورے ہونے کے حوالے سے 2؍مارچ 2013ء کو محترم راجہ غالب احمد صاحب سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ آپ نے بتایا کہ حضرت خلیفۃالمسیح الثانیؓ نے مجھے بچپن میں راولپنڈی میں قاعدہ یسرناالقرآن کا سبق پڑھایا تھا۔ 1937ء میں جب مَیں نے قرآن کریم کا پہلا دَور مکمل کیا تو تقریب آمین کی رپورٹ روزنامہ الفضل میں شائع ہوئی اور اسی کے ساتھ الفضل سے تعلق پیدا ہوگیا۔ چونکہ گھر میں الفضل باقاعدگی سے آتا تھا اس لیے اس کے مطالعہ کی طرف رجحان رہا۔ حضرت عبدالرحمٰن خادم صاحب میرے ماموں تھے اور بچپن سے ہی ان کے ساتھ تعلق رہا ہے، اس وابستگی کی وجہ سے اُن کی علمی شخصیت کا اثر مجھ پر شروع سے ہی ہوتا چلا گیا۔ سکول کے دَورِ طالبعلمی سے ہی الفضل میں میری شاعری چھپنا شروع ہوگئی تھی۔ گورنمنٹ کالج لاہور میں میرے کلاس فیلوز اور دوستوں میں احمدندیم قاسمی، انتظارحسین، شہزاد احمد، مظفرعلی سید، صوفی تبسم، ڈاکٹر نذیر احمد اور ڈاکٹر اجمل قابل ذکر ہیں۔
محترم راجہ صاحب نے 1954ء میں گورنمنٹ کالج لاہورسے ایم اے نفسیات فرسٹ کلاس فرسٹ پوزیشن میں پاس کیا۔ آپ کی جماعتی خدمات کا سلسلہ بھی بہت طویل ہے۔ جماعت احمدیہ ضلع لاہور میں آپ جنرل سیکرٹری سمیت کئی عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں