اتنے ضبط سے ذکرِ جدائی کون کرے گا – نظم
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 23اگست 2011ء میں ’’منزلِ ضبط‘‘ کے عنوان سے مکرم عبدالکریم قدسی ؔصاحب کی نظم شائع ہوئی ہے جو انہوں نے حضور انور ایدہ اللہ کا خطبہ جمعہ مورخہ 5؍اگست 2011ء سننے کے بعد کہی۔ اس خطبہ میں حضور انور نے اپنی مرحومہ والدہ ماجدہ کا ذکر خیر فرمایا ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب ملاحظہ فرمائیں :
اتنے ضبط سے ذکرِ جدائی کون کرے گا
کون کرے گا ایسے ، ماں کے غم کی باتیں
ضبط کے پشتوں کو اتنا مضبوط کیا تھا
ٹوٹ نہ پائے ، سیل اشک کو دے دی ماتیں
اُمڈے ہوئے جذبات پہ قابو وہ رکھتا ہے
حمد میں گزریں جس کے دن ، سجدوں میں راتیں
اس منظر کی منظر کشی نہ ہو گی قدسیؔ
متحیّر ہیں سوچیں ، عاجز قلم دواتیں
وہ مُسکائے تو کِھلتے ہیں دل کے غنچے
ورنہ قدسیؔ کیا عیدیں ہیں کیا شبراتیں