احمدیہ گزٹ کا فضل عمر ہسپتال نمبر
فضل عمر ہسپتال ربوہ کی بنیاد 20؍فروری 1956ء کو رکھی گئی تھی اور اس کا افتتاح حضرت مصلح موعودؓ نے 1958ء میں فرمایا۔ جماعت احمدیہ امریکہ کے انگریزی ماہنامہ ’’احمدیہ گزٹ‘‘ کا اپریل 2006ء کا شمارہ ’’فضل عمر ہسپتال ربوہ نمبر‘‘ کے طور پر شائع ہوا ہے۔ اس میں نہ صرف ہسپتال کے کوائف، اس کی کارکردگی سے متعلق اعدادوشمار اور ترقیاتی پروگراموں کی تفصیل درج ہے بلکہ ہسپتال سے تعلق رکھنے والے بعض ڈاکٹروں کی تحریروں اور امریکہ سے وقف عارضی کرکے ربوہ جانے والے ڈاکٹروں کے مشاہدات کے علاوہ بے شمار خوبصورت اور تاریخی تصاویر سے بھی مزین ہے۔ خصوصاً بیگم زبیدہ بانی ونگ اور طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ سے متعلق تفصیلی معلومات اس خصوصی اشاعت میں شامل ہیں۔
ربوہ کے اس شاندار ہسپتال کی ترقی میں جماعت احمدیہ امریکہ نے اہم کردار ادا کیا ہے خصوصاً طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ کے قیام کے لئے مالی اور پیشہ وارانہ خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ حضرت خلیفۃالمسیح الرابعؒ کے اس ارشاد کو احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن امریکہ نے بلاشبہ اپنا موٹو بنالیا ہے کہ ’’خواہش یہ ہے اور دعا یہ ہے کہ جماعت احمدیہ کا ہسپتال دنیا کا بہترین ہسپتال ہو‘‘۔ حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے بھی اپنی کئی تقاریر میں احمدی ڈاکٹرز اور دیگر مخیر حضرات کو ہسپتال اور خصوصاً طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ کے لئے اپنی خدمات پیش کرنے کی تلقین کی ہے۔ چنانچہ احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن امریکہ کی ربوہ میں طبّی خدمات کے حوالہ سے بھی اہم معلومات اس خصوصی اشاعت کا حصہ ہیں۔