اعزازات
2012ء کے روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ کے مختلف شماروں میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق:
٭ جون 2012ء میں پشاور میں منعقد ہونے والی جونیئر سوئمنگ چیمپئن شپ میں عزیزم محمد یحییٰ ابن مکرم محمد اشرف بابر صاحب نے پنجاب سوئمنگ ٹیم کی طرف سے حصہ لیا اور انڈر16 میں 12 طلائی تمغے اور 2 نقرئی تمغے حاصل کئے اور چھ نئے ریکارڈز بھی قائم کئے۔ جولائی 2012ء میں منعقد ہونے والی آل پاکستان انٹرسکولز سوئمنگ چیمپئن شپ میں عزیز نے تین گولڈ میڈل حاصل کئے اور بہترین تیراک بھی قرار پائے۔
٭ مکرم غالب احمد طاہر صاحب واقفِ نَو ابن مکرم پروفیسر مبشر احمد طاہر صاحب نے آل پاکستان انٹر کالجزو یونیورسٹیز کے کمپیوٹر پراجیکٹس نمائش کے مقابلہ میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے شیلڈ اور سرٹیفکیٹ کے علاوہ نقد انعام 20 ہزار روپے حاصل کیا۔
٭ مکرمہ نائمہ مبارک صاحبہ بنت مکرم مبارک احمد بھٹی صاحب نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے M.Sc. میں اوّل آکر نقد انعام اور چانسلرز میڈل حاصل کیا ہے۔
٭ مکرمہ کنزہ بشریٰ صاحبہ بنت مکرم چوہدری نصیر احمد صاحب گورایہ نے B.Sc. کے امتحان میں کراچی یونیورسٹی میں اوّل آنے اور نیاریکارڈ قائم کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
٭ مجلس صحت پاکستان میں مارشل آرٹ کے صدر مکرم سیّد نادر سیّدین صاحب نے تائیکوانڈو بلیک بیلٹ 4th ڈان ورلڈ فیڈریشن کوریا اور یونیورسل تائیکوانڈو فیڈریشن امریکہ سے ماسٹر ڈگری حاصل کی تھی، بعدازاں ورلڈ مارشل آرٹ فیڈریشن کے تحت5th ڈان بلیک بیلٹ کے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی تھی جس میں پاکستان سے 18مارشل آرٹسٹس نے حصہ لیا تھا اور صرف 3 بلیک بیلٹ ہولڈر کامیاب قرار پائے تھے۔ مکرم سیّد نادر سیّدین صاحب کو ورلڈ مارشل آرٹ فیڈریشن امریکہ نے پاکستان میں اپنی فیڈریشن کا ڈائریکٹر اور ٹیکنیکل ایڈوائزر مقرر کیا ہے۔ نیز آپ کو ورلڈ آل سٹائر مارشل آرٹس فیڈریشن برطانیہ، ورلڈ پرسنل مارشل آرٹس فیڈریشن ناروے، ورلڈ بلیک بیلٹ فیڈریشن امریکہ، ورلڈ Zen Doka مارشل آرٹ اینڈ کِک باکسنگ ایسوسی ایشن امریکہ اور ورلڈ آل کورین مارشل آرٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستان میں اپنا نمائندہ بھی مقرر کیا ہے۔
٭ مکرمہ انیلہ عارف صاحبہ بنت مکرم محمد عارف طاہر صاحب مربی سلسلہ F.Sc. پری میڈیکل میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سرگودھا میں سوم آئیں۔
٭ مکرمہ ملیحہ سلیم صاحبہ بنت مکرم سلیم احمد صاحب آف راولپنڈی F.Sc. پری میڈیکل میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ راولپنڈی میں لڑکیوں میں اوّل آئی ہیں۔
٭ مکرم توقیر احمد صاحب ابن مکرم لیاقت علی بٹر صاحب نےF.Sc. پری میڈیکل میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سرگودھا میں اوّل پوزیشن حاصل کی۔