اللہ ان کے شر اُن پر اُلٹائے گا – نظم
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 23 ستمبر 2010ء میں مکرم عبدالکریم قدسی صاحب کا کلام شامل اشاعت ہے۔ اس کلام میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:
اللہ ان کے شر اُن پر اُلٹائے گا
انشاء اللہ امن کا موسم آئے گا
حق کو غالب آنا ہے ہر حالت میں
باطل اک نہ اک دن منہ کی کھائے گا
ظالم کے کردار پہ جو خاموش رہے
اصل میں ظالم کا وہ ساتھ نبھائے گا
ڈرتے ہیں اب لوگ عبادتگاہوں سے
کب کوئی دہشتگرد وہاں دَر آئے گا
مجھ کو اپنا گھر جلنے کی فکر نہیں
اس سے کچھ اندھیرا تو چَھٹ جائے گا
وہی تو قدسیؔ عہد میں پورا اترے گا
آخر تک جو سچ کا ساتھ نبھائے گا