امام محمد ابن حبانؒ
چوتھی صدی کے مشہور محدث ابن حبانؒ کی کنیت ابو حاتم ہے۔ نسائیؒ کے بھی شاگرد ہیں اور اپنے وطن خراسان سے مصر تک سفر کرکے ہزاروں علماء سے فیض حاصل کیا۔ علم حدیث کے علاوہ فقہ، لغت و طب اور نجوم میں بھی کامل مہارت رکھتے تھے۔ بہت سے علماء نے آپؒ کی شاگردی اختیار کی۔
آپؒ بہت عرصہ سمرقند میں قاضی کے عہدہ پر فائز رہے اور فقہ و حدیث کی تعلیم بھی دیتے رہے۔ آپؒ نے بہت سی کتب تصنیف کیں جو نہایت قدر سے دیکھی جاتی ہیں۔ تاہم بعض ظاہرپرستوں نے آپؒ کو ملحد اور زندیق بھی قرار دیا اور بادشاہ سے شکایت بھی کی گئی تو خلیفہ نے تحقیق کی اور پھر قتل کا حکم بھی دیدیا۔ لیکن بعض محدثین نے آپؒ کے حق میں بیان دیئے۔ بہرحال آپؒ سخت مصیبت میں مبتلا رہے۔
امام ابن حبانؒ کی وفات 357ھ میں قریباً اسّی سال کی عمر میں ہوئی۔ آپؒ کے بارہ میں یہ مختصر مضمون روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ یکم جولائی 1999ء میں مکرم محمد احمد صاحب کے قلم سے شامل اشاعت ہے۔