انٹرویو: مکرم داؤد احمد کاہلوں صاحب
مجلس انصاراللہ جرمنی کے سووینئر 2000ء میں صدر مجلس انصاراللہ جرمنی مکرم داؤد احمد کاہلوں صاحب ایک مضمون میں اپنا تعارف کرواتے ہوئے لکھتے ہیں کہ آپ کی پیدائش 5؍اگست 1949ء کو سیالکوٹ میں ہوئی۔ آپ کے والد حضرت چودھری محمد اشرف صاحب کاہلوں کو بارہ سال کی عمر میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے دست مبارک پر بیعت کی سعادت حاصل ہوئی تھی۔ آپ نے ایف۔اے 1968ء میں گورنمنٹ کالج چیچہ وطنی سے پاس کیا۔ 1984ء سے جرمنی میں مقیم ہیں اور مختلف خدمات کی توفیق پارہے ہیں۔ 1996ء میں مجلس انصاراللہ جرمنی کے صدر مقرر ہوئے۔ اُس وقت جرمنی میں 165؍مجالس تھیں اور انصار کی تعداد قریباً تیرہ سو تھی۔ اِس وقت تک مجالس کی تعداد 220 ہوچکی ہے اور انصار کی تعداد دو ہزار سے زائد ہے۔ مجلس نے ایک کشادہ عمارت کرایہ پر لے رکھی ہے جبکہ ایک جگہ مسجد اور دفتر کی تعمیر کیلئے کارروائی جاری ہے۔ نیز شعبہ مال اور تجنید کمپیوٹرائزڈ ہوچکے ہیں۔