انٹرویو: مکرم عبدالغفور بھٹی صاحب
مجلس انصاراللہ جرمنی کے سووینئر 2000ء میں سابق صدر مجلس انصاراللہ مکرم عبدالغفور بھٹی صاحب کا تعارف بھی شامل اشاعت ہے۔ آپ 30؍مارچ 1935ء کوامرتسر میں پیدا ہوئے۔ آپکے والد مکرم غلام حیدر بھٹی صاحب نے 1924ء میں بذریعہ رؤیا احمدیت قبول کی۔ وہ ریلوے میں مکینیکل انجینئر تھے۔ مکرم عبدالغفور صاحب نے میٹرک 1050ء میں تعلیم الاسلام ہائی سکول چنیوٹ سے کیا اور 1956ء میں ریلوے میں اپرنٹس بھرتی ہوگئے۔ 1974ء میں جرمنی آگئے۔ 1977ء میں پہلے انصاراللہ جرمنی میں منتظم مال مقرر ہوئے اور پھر زعیم اعلیٰ انصاراللہ جرمنی بنائے گئے۔ پھر یہ عہدہ ناظمِ اعلیٰ انصاراللہ میں تبدیل ہوگیا اور 1990ء سے جب ہر ملک میں صدران مقرر ہوئے تو آپ بطور صدر خدمات بجالانے لگے اور 1996ء تک اس عہدہ پر کام کرنے کی توفیق پائی۔ اس دوران گیارہ سال تک اپنی مقامی جماعت کے صدر بھی رہے۔ آپ نے انصاراللہ جرمنی کا مرکزی دفتر قائم کرنے کیلئے حضور ایدہ اللہ سے منظوری اور فنڈ اکٹھا کرنے کی اجازت حاصل کی اور آپ کے دور میں ہی مجلس انصاراللہ جرمنی کا سالانہ بجٹ لاکھوں میں داخل ہو چکا تھا۔