اے واقفینِ نو ، اے واقفاتِ نَو – نظم
ماہنامہ ’’النور‘‘ امریکہ نومبر 2009ء میں شامل اشاعت مکرم ڈاکٹر فہیم احمد طیب صاحب کی ایک نظم سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:
وابستہ تم سے ہے اک امیدِ بہارِ نو
اے واقفینِ نو ، اے واقفاتِ نَو
اک عہد تم کو آج یہ خودسے کرنا ہے
تقویٰ کی راہ پہ جینا ہے تقویٰ پہ مرنا ہے
لوگوں کو یہ بتانا ہے مہدی ہے آچکا
دینِ محمدیؐ کا ہے غمخوار آچکا
اے قافلۂ مسیح کی خوش بخت بلبلو
اے واقفینِ نو ، اے واقفاتِ نَو
تم پہ امید بھاری ہے سب جماعت کو
ماں باپ کو ، بزرگوں کو، امامِ وقت کو
تم نے نئی صدی میں یہ جوہر دکھانا ہے
سب کو خدا کے دین میں واپس بلانا ہے
صد سالہ جوبلی کا ہو تم اِک اہتمامِ نو
اے واقفینِ نو ، اے واقفاتِ نَو