برج خلیفہ
جنوری 2010ء میں دبئی میں دنیاکی سب سے اونچی بلڈنگ کا افتتاح کیا گیا۔ اُسی روز اس کا نام ’برج دبئی‘ سے تبدیل کرکے ’برج خلیفہ‘ بھی کردیا گیا۔ اس کے بارہ میں مکرم عبدالرشید صاحب آرکیٹیکٹ کا ایک معلوماتی مضمون ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان 29؍ اپریل 2010ء میں شامل اشاعت ہے۔
480 ایکڑ زمین پر پھیلی ہوئی اس بلڈنگ (برج خلیفہ) میں تیس ہزار گھر، 97 ہوٹل، 19 رہائشی ٹاور، قریباً ساڑے سات ایکڑ کا پبلک پارک اور ایک مصنوعی جھیل بنائی گئی ہے۔ بلڈنگ 828میٹر اونچی ہے اور اس کی 160 منزلیں ہیں۔ اس پر ڈیڑھ بلین ڈالر لاگت آئی ہے اور یہ چھ سال میں مکمل ہوئی ہے۔ بلڈنگ کو Y شکل میں تعمیر کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ روشنی میسر آئے۔ اس کا بلند ترین حصہ ہواکی تیزی کی وجہ سے ڈیڑھ میٹر تک اِدھر اُدھر ہل سکتا ہے۔ اُس حصہ کا درجہ حرارت بھی زمین کے درجۂ حرارت سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہے۔
’برج خلیفہ‘ میں 57 لفٹ نصب ہیں۔ سطح زمین سے 160ویں منزل تک جانے کے لئے لفٹ میں 45 سیکنڈ لگتے ہیں۔ ویسے سیڑھیوں کی تعداد 2909 ہے۔ مسجد 2600فٹ بلندی پر 158ویں منزل میں ہے۔ اس بلڈنگ کی بنیاد میں 5 فٹ موٹے 192 ستون ہیں جو زمین سے 50 میٹر گہرائی تک لگائے گئے ہیں۔ بلڈنگ کے باہر ایک فوارہ لگایا گیا ہے جس پر 217 ملین ڈالر خرچ آیا ہے۔ 275 میٹر لمبا یہ فوارہ پانی کو رنگ برنگی روشنیوں اور میوزک کے ساتھ ڈیڑھ سو میٹر اونچائی تک پھینک سکے گا۔
برج خلیفہ کی تعمیر کے بعد سعودی شہزادہ الولید بن طلال نے سعودی عرب میں دو بلند ترین عمارتوں کی تعمیر کا اعلان کیا ہے جن میں سے ایک 1028میٹر اور دوسری 1600 میٹر اونچی ہوگی۔