برونئی کے سلطان حسن البولقیہ کا شاہی محل ’’آستانہ نورالایمان ‘‘
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 23؍اپریل 2012ء میں دنیا کے سب سے بڑے شاہی محل آستانہ نورالایمان کے بارہ میں ایک تعارفی مضمون شامل اشاعت ہے۔
دریائے برونئی کے کنارے واقع سلطان حسن البولقیہ کے شاہی محل کا نام ’’آستانہ نورالایمان ‘‘ ہے۔یہ دَورِ جدید کا سب سے بڑا رہائشی محل ہے جو 35کروڑ ڈالر کے خرچ سے 1984ء میں مکمل ہوا۔ اس محل کے وسیع و عریض دربار میں دنیا کے سب سے بڑے فانوس لگائے گئے ہیں جن کی تعداد 564ہے۔ ہر فانوس کا وزن 54من ہے اور ہر فانوس میں 51,490بلب لگائے گئے ہیں۔ محل کے شاہی مہمان خانے میں چار ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اس کے محرابوں پرخالص سونے کی ٹائلیں لگی ہوئی ہیں۔
14ایکڑ رقبے پر مشتمل اس محل میں 1788 کمرے، 257طہارت خانے اور 44زینے ہیں۔ محل کے لان 50ایکڑ سے زائد رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں۔ محل میں ایک زمین دوز گیراج بھی ہے جس میں سلطان کے زیر استعمال 120جدید ترین کاریں تیار کھڑی رہتی ہیں۔
سلطان اسی محل میں سال میں تین دن دربار لگاتے ہیں اور لوگوں کی شکایات خود سنتے ہیں۔