ترش پھلوں کے چند فوائد – جدید تحقیق کی روشنی میں

ترش پھلوں کے چند فوائد – جدید تحقیق کی روشنی میں
(محمود احمد ملک)

مختلف پھلوں کے مختلف فوائد کے بارے میں تحقیق بہت وسعت اختیار کرچکی ہے- ترشی کے حامل پھلوں‌کے بارے میں کی جانے والی دو تحقیقی رپورٹس پیش ہیں:

٭ ترش پھلوں میں نہ صرف وٹامن سی بہت مقدار میں پائی جاتی ہے بلکہ ان میں معمولی مقدار میں چکنائی کے علاوہ فائبر یعنی ریشہ، پوٹاشیم اور بیٹاکروٹین بھی پائی جاتی ہے۔ آسٹریلیا میں ترش پھلوں پر کی جانے والی تحقیق کے بعد ماہرین نے بتایا ہے کہ بعض دیگر خوبیوں کے حامل ہونے کی وجہ سے ترش پھل ذیابیطس کے مریضوں کے علاوہ وزن کی زیادتی کے شکار افراد کے لئے بھی بہت فائدے کا باعث بنتے ہیں۔ نئی تحقیق کے مطابق ترش پھل کینسر کے خلاف بھی بھرپور مدافعت رکھتے ہیں اور بعض اقسام کے کینسر کے خطرات کو نصف حد تک کم کردیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ پھل معدے، منہ اور حلق کے سرطان کے خلاف بچاؤ میں بہت معاون ہیں اور اس کے علاوہ دل کی متعدد بیماریوں اور فالج سے بچاؤ کا باعث بھی بنتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان پھلوں کا استعمال آرتھرائٹس اور الزائمر جیسی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔ یہ تحقیق مالٹے، لیمو، کینو اور گریپ فروٹ پر کی گئی ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ ان پھلوں میں موجود کیمیائی مادے خون میں لوتھڑے بننے کے عمل کو کم کرتے ہیں، مختلف کینسر پیدا ہونے اور خصوصاً جوڑوں میں سوزش ہونے سے بچاتے ہیں۔
= اسی رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا یونیورسٹی کے ماہرین نے تجربات کے بعد اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ذائقے میں ترش بیر جیسے کروندے یا کرینبیری میں ٹیومر کی افزائش روکنے والے بہت سے مرکبات موجود ہوتے ہیں۔ یہ فائٹوکیمیکلز جسم کے زیریں حصوں مثلاً بڑی آنت اور پروسٹیٹ کے کینسر کے علاوہ، جسم کے بالائی اعضاء یعنی سر اور گردن کے سرطان کو روکنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق کرینبیری میں شامل یہ کیمیائی مادے کینسر کے خلیات کو خود کشی کرلینے پر مجبور کرتے ہیں یا پھر وہ اُن خلیات کی بے قاعدہ افزائش روک دیتے ہیں۔ اِن مفید کیمیائی مادوں کی یومیہ ضرورت کو صبح ناشتے میں کرینبیری کے جوس سے بھرے ہوئے چھوٹے گلاس سے پورا کیا جاسکتا ہے۔
تاہم بعض ماہرین کہتے ہیں کہ پھلوں کے جوس میں شامل مختلف ترش عناصر اکثر وبیشتر معدے کے تیزاب میں جوتبدیلیاں لاتے ہیں وہ ناشتے کے بعد فائدے مند ثابت نہیں ہوتیں۔ جوس کا استعمال اگر ناشتے سے کافی دیر بعد کیا جائے تو زیادہ بہتر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں