تری وفا بھی مُسلّم ترا خلوص بجا … نظم
(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 27؍مئی 2024ء)
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 11؍جون 2015ء میں حضرت خلیفۃالمسیح الاوّلؓ کے حوالے سے مکرم عبدالمنان ناہید صاحب کی ایک نظم شامل اشاعت ہے جو حضورؓ کی وفات کے فوراً بعد ایک حصے کے غیرمبائع ہوجانے کے پس منظر کو سامنے رکھ کر کہی گئی ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب پیش ہے:
تری وفا بھی مُسلّم ترا خلوص بجا
تری حیات کے دامن میں حرص جاہ نہیں
تری غلامی پہ آقاؑ نے کی ثنا تیری
ترے مقام کی عظمت میں اشتباہ نہیں
تری نگاہِ توکّل میں کیا تھا الّااللّٰہ
کمالِ علم و یقین صرف لَااِلٰہ نہیں
ہزار حیف کہ کچھ لوگ تجھ سے ہیں منسوب
ترے طریق پہ جن کی مگر نگاہ نہیں
ترا طریق کہ خدمت میں فخر تھا تجھ کو
انہیں گلہ کہ یہ سلطان کجکلاہ نہیں
تُو وہ کہ خواہشِ آقاؑ بھی حکم تیرے لیے
انہیں یہ وہم بغاوت بھی کچھ گناہ نہیں
محبتوں کو فراموش کر گئے یکسر
مروّت آنکھوں میں باقی دلوں میں چاہ نہیں
ہمارے زخم جگر پر نمک چھڑکتے ہیں
یہ بات تجھ کو سناتے بھی دل دھڑکتے ہیں