تشحیذالاذہان کا سفر
ماہنامہ ’’تشحیذالاذہان‘‘ ربوہ جولائی 1999ء میں مکرم انیس احمد ندیم صاحب نے اپنے مضمون میں رسالہ کا تاریخی سفر بیان کیا ہے۔
حضرت صاحبزادہ مرزا بشیرالدین محمود احمد صاحبؓ نے 1906ء میں سترہ سال کی عمر میں ایک انجمن کی بنیاد رکھی جس کا نام حضرت مسیح موعودؑ نے تشحیذالاذہان تجویز فرمایا۔ یکم مارچ 1906ء سے حضرت صاحبزادہ صاحب کی ادارت میں انجمن کے ترجمان کے طور پر ایک سہ ماہی رسالہ کا اجراء ہوا جس کا نام بھی حضور اقدسؑ نے ’’تشحیذالاذہان‘‘ تجویز فرمایا۔ پہلے شمارہ میں شامل اشاعت مدیر کے مضمون میں رسالہ کا تعارف اور انجمن کی غرض و غایت شائع ہوئی یعنی احمدی نوجوان تحریر و تقریر اور علوم دینیہ میں مہارت حاصل کرسکیں۔
1907ء میں رسالہ ماہوار کردیا گیا۔ 1914ء میں اس کے مدیر حضرت قاضی ظہورالدین اکمل صاحبؓ مقرر ہوئے۔ 1922ء میں یہ رسالہ ’’ریویو آف ریلیجنز‘‘ میں مدغم کردیا گیا۔
اس کے دور جدید کا آغاز حضرت مولوی ابوالعطاء صاحب جالندھری کے ذریعہ ہوا جنہوں نے احمدی بچوں اور بچیوں کی تعلیم و تربیت کے لئے اس رسالہ کے دوبارہ اجراء کی اجازت چاہی۔ حضرت مصلح موعودؓ نے اسے پسند فرمایا اور یوں جون 1957ء سے حضرت مولوی صاحب کی ادارت میں رسالہ جاری ہوگیا۔ حضورؓ نے دعا کی ’’اللہ تعالیٰ اس پرانے رسالے کو جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے زمانہ میں شروع ہوا تھا پھر زندگی شروع کرنے کی توفیق دے۔‘‘
دسمبر 1957ء میں ’’تشحیذالاذہان‘‘ کا انتظام مجلس خدام الاحمدیہ کے سپرد کردیا گای اور شعبہ اطفال کے تحت یہ نکلنا شروع ہوا۔ مارچ 1958ء میں مکرم شیخ خورشید احمد صاحب اس کے مدیر مقرر ہوئے۔ پھر فروری 1966ء میں مکرم جمیل الرحمٰن رفیق صاحب ، دسمبر 1966ء میں مکرم رفیق احمد صاحب ثاقب، دسمبر 1968ء میں مکرم عطاء المجیب راشد صاحب، اکتوبر 1970ء میں مکرم محمد شفیق قیصر صاحب، دسمبر 1973ء میں مکرم محمد اسلم قریشی صاحب، نومبر 1974ء میں مکرم لئیق احمد طاہر صاحب، جون 1976ء میں مکرم محمد شفیق قیصر صاحب اس کے مدیر بنے۔ آپ رسالہ کے پبلشر بھی تھے۔ اپریل 1979ء میں آپ کی وفات کے بعد پانچ ماہ تک رسالہ شائع نہ ہوسکا کیونکہ نئے پبلشر کی منظوری نہ مل سکی۔ پھر مکرم مبارک احمد خالد صاحب کے نام بطور پبلشر ڈیکلریشن بحال ہوا تو اکتوبر 1979ء سے مکرم نصیر احمد قمر صاحب رسالہ کے مدیر مقرر ہوئے۔ جون 1985ء میں مکرم عبدالماجد طاہر صاحب، جنوری 1986ء میں مکرم قمر داؤد کھوکھر صاحب، جنوری 1990ء میں مکرم فضیل عیاض احمد صاحب رسالہ کے مدیر رہے۔ نومبر 1994ء سے جون 1998ء تک مکرم نصیر احمد انجم صاحب مدیراعلیٰ رہے جبکہ اس دوران پہلے مکرم سید صہیب احمد صاحب، نومبر 1995ء سے مکرم قمر احمد کوثر صاحب اس کے ایڈیٹر رہے۔ جبکہ جولائی 1998ء سے رسالہ کے مدیر مکرم فخرالحق شمس صاحب ہیں۔