تًو رحیم بھی، تُو کریم بھی، تُو حلیم بھی، تُو بصیر بھی – حمدیہ کلام
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 6؍فروری 2010ء میں شائع ہونے والی مکرم ثاقب زیروی صاحب کی ’’حمد باری تعالیٰ‘‘ سے انتخاب ذیل میں پیش ہے:
تًو رحیم بھی، تُو کریم بھی، تُو حلیم بھی، تُو بصیر بھی
کسی آئینے میں نہ مل سکی تیری رحمتوں کی نظیر بھی
تُو فضائے ارض و سما میں ہے تُو بہشت آب و ہوا میں ہے
سرِ آسماں نئی کہکشاں ترے نُور کی ہے لکیر بھی
میں رواں ہوں دشتِ حیات میں مجھے ظلمتوں کا خطر نہیں
میرے ساتھ یادِ رسولؐ بھی میرے ساتھ ربِ قدیر بھی
مجھے منزلوں کا جنوں نہیں مجھے فکرِ جادہ ضرور ہے
میرے دل کا چھوٹا سا قافلہ غمِ راہ کا ہے اسیر بھی