تکبّر
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 27؍مارچ 1995ء میں سیدنا حضرت مصلح موعودؓ کے خطبہ جمعہ فرمودہ16؍مارچ 1917ء کا کچھ حصہ شائع ہوا ہے جس میں حضرت مصلح موعودؓ نے قرآن کریم کے اس ارشاد کی تفسیر بیان کی ہے کہ خدا تعالیٰ کے نزدیک بڑائی کا معیار صرف تقویٰ ہے۔ اس سلسلہ میں حضورؓ نے متعدد مثالیں بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ استکبار سے بہت بچنا چاہئے۔ جب ابلیس نے تکبر کیا اور کہا کہ میں اس آدم سے بہتر ہوں تو خدا تعالیٰ نے اس سے وہ بزرگی جس کے باعث اس نے یہ دعویٰ کیا تھا چھین لی۔ اگر کوئی کہے کہ میں فلاں ذات کاآدمی ہوں جو بڑی معزز ہے اور دوسرا رذیل قوم کا ہے اور اس طرح اس کی تحقیر کرے تو یہ محض جہالت اور نادانی ہے۔ پھر فرمایا کہ اگر کوئی کسی کی قومیت پر اسے ذلیل کرنے کے لئے حملہ کرتا ہے تو خدا تعالیٰ اس کو ذلیل کر دیتا ہے اور کوئی کسی کے کہنے سے ذلیل نہیں ہو جاتا، ذلیل وہی ہے جو خدا کی نظر میں ذلیل ہو۔