جامعہ احمدیہ

جامعہ احمدیہ ربوہ کے خلافت سووینئر میں شعبہ تاریخ و سیرت کے ایک مضمون میں جامعہ احمدیہ کی تاریخ کا تفصیل سے احاطہ کیا گیا ہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے عظیم الشان فرض کی تکمیل کے لئے قادیان میں ایک مدرسہ کے قیام کی غرض سے 15؍ستمبر 1897ء کو بذریعہ اشتہار اعلان فرمایا اور پھر اس تحریک کو عملی جامہ پہنانے کی غرض سے ایک کمیٹی مقرر کی جس کا پہلا اجلاس 27؍دسمبر 1897ء کو ہوا۔ اس کمیٹی کی سفارشات پر مدرسہ کے لئے جو انتظامیہ کمیٹی مقرر ہوئی اس کے صدر حضرت حکیم مولوی نورالدین صاحب تھے۔ اس کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ مدرسہ یکم جنوری 1898ء کو کھول دیا جائے۔ چنانچہ 3 جنوری 1898ء کو مدرسہ کا باقاعدہ افتتاح مہمانخانہ میں ہوا۔ جلد ہی مہمانخانہ کے متصل دو تین کمرے تعمیر کئے گئے اور 1900-1899میں مزید عمارت بنوائی گئی۔ اس کے بعد حضرت نواب محمد علی خان صاحبؓ ہجرت کر کے قادیان آگئے تو حضورؑ نے مدرسہ کا پورا نظم و نسق آپؓ کے سپرد کر دیا۔ آپؓ نے 2 دسمبر 1901ء سے 1905ء تک یہ خدمت نہایت محنت اور شوق سے سرانجام دی۔ اور مدرسہ کو ضروری فرنیچر مہیا کیا، اس کی پہلی عمارت کو وسعت دی اور ڈھاب پُر کر کے بورڈنگ کوارٹرز بنوائے۔
مدرسہ کا آغاز پرائمری سے ہوا تھا لیکن یہ 1898ء میں ہی مڈل اور فروری 1900 ء میں ہائی سکول اور مئی 1903ء میں کالج تک پہنچ گیا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے 29 نومبر 1905ء کو مدرسہ (تعلیم الاسلام) کے متعلق فرمایا: ’’ہماری غرض مدرسہ کے اجراء سے محض یہ ہے کہ دین کو دنیا پر مقدم کیا جاوے۔ مروّجہ تعلیم کو اس لئے ساتھ رکھا ہے کہ یہ علوم خادم دین ہوں۔ ہماری یہ غرض نہیں کہ ایف۔ اے، بی۔اے پاس کر کے دنیا کی تلاش میں مارے مارے پھریں۔ ہمارے پیش نظر تو یہ امر ہے کہ ایسے لوگ خدمت دین کے لئے زندگی بسر کریں۔‘‘
11؍اکتوبر 1905ء کو حضرت مولوی عبد الکریم صاحبؓ سیالکوٹی اور 3 دسمبر 1905ء کو حضرت مولوی برہان الدین صاحبؓ جہلمی جیسے بزرگ علماء وفات پاگئے۔ نیز حضورؑ کو بکثرت قرب وفات کے الہامات بھی ہورہے تھے۔ 6 دسمبر 1905ء کو الہام ہوا : قَرُبَ اَجَلُکَ الْمُقَدَّرُ ۔ اس پر حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا: ’’مدرسہ کی حالت دیکھ کر دل پارہ پارہ اور زخمی ہوگیا۔ علماء کی جماعت فوت ہو رہی ہے۔…‘‘
چنانچہ حضورؑ نے بہت سے احباب بلا کر ان کے سامنے یہ امر پیش فرمایا کہ مدرسہ (تعلیم الاسلام) میں ایسی اصلاح ہونی چاہئے کہ یہاں سے واعظ اور علماء پیدا ہوں جو آئندہ ان لوگوں کے قائم مقام ہوتے رہیں جو گزرتے چلے جاتے ہیں۔ سب سو چو کہ اس مدرسہ کو ایسے رنگ میں رکھا جاوے کہ یہاں سے قرآن دان، واعظ اور علماء پیدا ہوں جو دنیا کی ہدایت کا ذریعہ ہوں۔
حضورؑ کے اس ارشاد پر بعض احباب نے مشورہ دیا کہ مدرسہ تعلیم الاسلام قائم رہے مگر اس میں ایسی تبدیلی کر دی جائے کہ حقیقی مقصد کی تکمیل ہوسکے۔ چنانچہ حضورؑ نے حضرت مولوی نور الدین صاحبؓ اور صاحبزادہ مرزا محمود احمد صاحب ؓکے خیال کو پسند فرماتے ہوئے مدرسہ تعلیم الاسلام میں ہی دینیات کی ایک شاخ کھولنے کا فیصلہ فرمایا اور اس کیلئے 26؍دسمبر 1905ء کو جلسہ سالانہ کی تقریر میں نہایت قیمتی ہدایات بھی دیں۔ چنانچہ یہ ’’شاخ دینیات‘‘ جنوری 1906ء میں کھل گئی۔ حضرت قاضی سید امیر حسین شاہ صاحبؓ (اوّل مدرس) اور مولوی فضل دین صاحبؓ (کھاریاں) دواستاد مقرر ہوئے۔ جلد ہی حضرت مولوی سید محمد سرور شاہ صاحبؓ بھی اس میں مدرس ہوگئے۔ ’’شاخ دینیات‘‘ میں پرائمری پاس طلبہ داخل کئے جاتے تھے۔ اس میں پہلے سال دس اور دوسرے سال پانچ طلبہ داخل ہوئے۔
حضرت خلیفۃ المسیح الاولؓ نے اپنی خلافت کے ابتدائی ایام میں ہی اس خواہش کا اظہار فرمایا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی شدید خواہش چونکہ دینی مدرسہ کے قیام کی تھی۔ اس لئے مدرسہ تعلیم الاسلام کے علاوہ ایک الگ انتظام کے تحت ایک مدرسہ دینی علوم کے لئے قائم کیا جائے۔ حضورؓ کے ارشاد پر 8؍جون 1908ء کو اخبار بدر میں ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی یادگار‘‘ کے عنوان سے ایک اشتہار شائع ہوا جس میں مدرسہ کی غرض و غایت کو دوہرایا گیا۔
اسی سال جلسہ سالانہ کے ایام میں 26 دسمبر 1908ء کو جماعتوں کی کانفرنس مسجد مبارک قادیان میں منعقد ہوئی جس میں مدرسہ دینیہ کا معاملہ پیش ہوا۔ اجلاس میں مولوی محمد علی صاحب، خواجہ کمال الدین صاحب، ڈاکٹر یعقوب بیگ صاحب اور سید محمد حسین صاحب کی تجویز تھی کہ تعلیمی وظائف بڑھا دیئے جائیں تا کہ احمدی نوجوان زیادہ تعداد میں کالجوں میں جائیں اور پاس ہونے کے بعد ان میں سے جو دین کی خدمت کے لئے زندگی وقف کریں انہیں ایک آدھ سال قرآن پڑھا کر مبلغ بنا دیا جائے۔ حضرت مرزا بشیرالدین محمود احمد صاحبؓ بھی مجلس کے ممبر تھے مگر نہ معلوم اتفاقاً یا ارادۃً آپ تک یہ تجویز نہ پہنچائی گئی۔ جب آپؓ دوران اجلاس تشریف لائے تو خواجہ کمال الدین صاحب اس وقت بڑے زور شور کے ساتھ مدرسہ دینیہ کے قیام کی مخالفت میں تقریر کر رہے تھے۔ پھر بعض دوسرے احباب نے بھی اُن کی ہمنوائی میں تقریریں کیں اور پوری مجلس پر اُن تقریروں کا اثر تھا۔ جب حضرت صاحبزادہ صاحبؓ نے حضرت مسیح موعودؑ کی یادگار کے ساتھ یہ بے حرمتی دیکھی تو آپؓ بے قرار ہوگئے اور پھر مدرسہ کے قیام کے لئے زبردست تقریر فرمائی تو لوگوں کی رائے یکسر بدل گئی۔ پھر 31؍جنوری 1909ء کو مجلس معتمدین کا اجلاس ہوا جس میں مدرسہ کے عملاً جاری کرنے کے لئے ایک سب کمیٹی مقرر کی گئی جس کے ممبران میں حضرت صاحبزادہ صاحبؓ بھی شامل تھے اور سیکرٹری مجلس معتمدین (یعنی مولوی محمد علی صاحب) بھی شامل تھے۔ سب کمیٹی کے اجلاس میں ہی حضرت مولوی شیر علی صاحب نے اس کا نام ’’مدرسہ احمدیہ‘‘ تجویز کیا اور یکم مارچ 1909ء سے مدرسہ احمدیہ کا کھولا جانا منظور کیا۔ اس سب کمیٹی نے مکمل سکیم و رپورٹ مرتب کر کے مجلس معتمدین میں پیش کی اور یہ رپورٹ حضرت خلیفۃالمسیح الاوّلؓ نے چند ترامیم کے ساتھ منظور فرمالی۔
مدرسہ احمدیہ کا آغاز چار جماعتوں سے ہوا مگر چوتھی جماعت قائم نہ رہ سکی اس لئے تعداد طلباء جو مدرسہ کھلنے کے وقت 27تھی سال کے آخر پر 24 رہ گئی۔ مدرسہ کے اوّلین ہیڈ ماسٹر حضرت مولوی سید محمد سرور شاہ صاحبؓ قرار پائے اور سپرنٹنڈنٹ مولوی صدر الدین صاحب۔
حضرت مرزا محمود احمد صاحبؓ نے ستمبر 1910ء میں انجمن کو توجہ دلائی کہ اس مدرسہ کا انتظام یا تو مدرسہ احمدیہ کے مدرس اول (ہیڈ ماسٹر) کی زیر نگرانی ہو یا کسی اور موزوں شخص کو اس کا ناظم مقرر کیا جائے۔ اس پر سارا انتظام آپؓ ہی کے سپر د کر دیا گیا۔ آپؓ نے مارچ 1914ء تک یہ ذمہ داری نبھائی۔ یہ دور مدرسہ احمدیہ کی تاریخ میں ایک سنہری دَور کہلانے کا مستحق ہے۔ آپ نے حکماً طلبہ کو زمین پر بیٹھ کر پڑھنے سے منع فرمایا کیونکہ اس سے پست خیالی پیدا ہوتی ہے۔ طلبہ کو فن خطابت سکھانے کے لئے جلسوں اور لیکچروں کا انتظام فرمایا۔ آپؓ کی تجویز پر یکم مارچ 1911ء سے ایک سپیشل کلاس کھولی گئی جس میں طلبہ کو ایک سال تک تعلیم دے کر دوسری کلاسوں کے ساتھ شامل کیا جانے لگا۔ لڑکوں کے بورڈنگ ہاؤس کی صفائی کا خاص اہتمام ہونے لگا۔ طلبہ کے کھیل کے لئے میدان بنائے۔ مدرسہ میں کوئی لائبریری نہیں تھی۔ آپؓ نے اپنی لائبریری سے قیمتی کتابوں کا ایک بڑا مجموعہ جس میں الہلال مصر کے پرچے بھی تھے مرحمت فرمایا اور مزید روپیہ بھی انجمن سے منظور کروایا۔ آپؓ نے چوتھی جماعت کو اپنے لئے مخصوص کر لیا اور روزانہ تین گھنٹہ اسے وقت دیتے۔ آپؓ کا انداز تربیت جُدا اور بہت پُراثر تھا۔ بعض طلبہ کرتہ پہن کر آجاتے تھے۔ ایک دفعہ آپؓ نے عربی ترجمہ کے لئے یہ فقرہ دیا کہ مدرسہ میں بغیر کوٹ پہنے نہیں آنا چاہئے۔ اس کے بعد سب طلبہ کوٹ پہننے لگے۔
1912ء میں حضرت مرزا محمود احمد صاحبؓ نے اپنے خرچ پر ہندوستان کا ایک لمبا دورہ کیا جس میں دیوبند، سہارنپور، ندوہ وغیرہ اسلامی مدارس کی تعلیم اور ان کے انتظام کا بغور مطالعہ کیا اور پھر اپنے تجربات کی روشنی میں مدرسہ احمدیہ میں اہم تبدیلیاں کیں۔ 1912ء میں عربی مدارس دیکھنے اور حج کرنے کے لئے آپ نے مصر و عرب کا سفر بھی اختیار فرمایا۔ 1913ء میں آپؓ کے مشورہ پر حضرت سید ولی اللہ شاہ صاحبؓ اور شیخ عبد الرحمن صاحب کو مصر میں بغرض تعلیم بھجوایا گیا۔ آپؓ نے مدرسہ کے فارغ التحصیل طلباء کے لئے ہائی سکول میں انگریزی تعلیم کا انتظام کروایا۔ نیز طلباء مدرسین کی مدد سے مولوی فاضل کے امتحان میں شامل ہونے لگے۔ مدرسہ کے نصاب کی تکمیل کے لئے ایک دو سالہ طبی کورس بھی رکھا گیا۔
مارچ 1914ء میں جب آپؓ مسند خلافت پر متمکن ہوئے تو مدرسہ کا انتظام حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر احمد صاحبؓکو سونپا جو 1919ء تک اسے بخوبی سرانجام دیتے رہے۔
جماعت کی عالمگیر تبلیغی ضروریات کے پیش نظر مدرسہ احمدیہ کو ایک اعلیٰ تعلیمی ادارہ بنانے کے لئے حضورؓ نے 1919ء میں ایک کمیٹی مقرر فرمائی جس نے غور کرنے کے بعد ایک سکیم تیار کی اور حضورؓ نے اس سکیم کے مطابق 1924ء میں صدر انجمن احمدیہ کو عملی اقدامات کرنے کی ہدایت فرمائی۔ چنانچہ کئی مراحل طے ہونے کے بعد صدر انجمن احمدیہ نے 15؍اپریل 1928ء کو جامعہ احمدیہ کے نام سے ایک مستقل ادارہ کے قیام کا فیصلہ کر دیا۔ اس کے پہلے پرنسپل حضرت مولانا سید محمد سرور شاہ صاحبؓ مقرر ہوئے۔ حضرت مصلح موعودؓ نے 20مئی 1928ء کو اس کا افتتاح کرتے ہوئے فرمایا: ’’جامعہ کے طلباء کو ایک ہی مقصد اپنی زندگی کا قرار دینا چاہئے اور وہ تبلیغ ہے۔ خواہ عمل کے کسی میدان میں جائیں کوئی کام کریں۔ اپنے حلقہ میں تبلیغ کو نہ بھولیں‘‘۔
1929ء میں جامعہ احمدیہ کا پنجاب یونیورسٹی سے الحاق ہوا۔ اپریل 1930ء میں ایک سہ ماہی رسالہ ’’جامعہ احمدیہ‘‘ جاری ہوا۔ 1932ء میں قادیان علوم شرقیہ کے امتحان کا سنٹر منظور ہوا۔ 20؍نومبر 1934ء کو جامعہ احمدیہ کے دارالاقامۃ (ہوسٹل) کا حضورؓ نے افتتاح فرمایا۔ جب مولوی ناصر الدین عبداللہ صاحب بنارس سے سنسکرت کی اعلیٰ ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد واپس آئے تو مئی 1939ء سے جامعہ احمدیہ میں سنسکرت کلاس بھی کھول دی گئی جو دسمبر 1944ء تک جاری رہی۔
مئی1939ء میں حضرت صاحبزادہ مرزا ناصر احمد صاحبؒ پرنسپل جامعہ مقرر ہوئے جو مئی 1944ء میں تعلیم الاسلام کالج کے پرنسپل بنائے گئے تو حضرت مولانا ابوالعطاء صاحب جالندھری کو جامعہ احمدیہ کا پرنسپل بنایا گیا۔ 1944ء میں ہی حضورؓ نے جماعت کو وقف زندگی کی تحریک بھی فرمائی جس پر کئی مخلص نوجوانوں نے لبیک کہا اور میٹرک پاس طلباء کے لئے جامعہ احمدیہ میں ایک سپیشل کلاس جاری کی گئی۔
تقسیم ہند کا سانحہ پیش آیا تو جامعہ احمدیہ کے اساتذہ و طلباء 10 نومبر 1947ء کو کانوائے کے ذریعہ قادیان سے لاہور آگئے جہاں مدرسہ احمدیہ اور جامعہ احمدیہ کا مخلوط ادارہ جاری ہوا اور اس کے پرنسپل بھی حضرت مولوی ابوالعطاء صاحب ہی مقرر ہوئے۔ 1947ء میں جامعہ کا ایک علمی سہ ماہی مجلہ ’’المنشور‘‘ جاری ہوا۔ جامعہ احمدیہ دسمبر 1947ء میں لاہور سے چنیوٹ اور فروری 1948ء میں احمدنگر منتقل ہوگیا۔ جہاں سے 22 فروری 1955ء کو ربوہ میں منتقل ہوا۔
1949ء کے آخر میں حضرت مصلح موعودؓ نے جامعۃ المبشرین کا اجراء فرمایا تھا۔ جولائی 1953ء میں حضرت مولانا ابوالعطاء صاحب اس کے پرنسپل مقرر ہوئے اور جامعہ احمدیہ کے پرنسپل حضرت مولانا قاضی محمد نذیر صاحب لائلپوری بنائے گئے۔ پھر یکم جولائی 1957ء کو حضورؓ نے ان دونوں اداروں کا باہمی الحاق کر کے اسے ایک ادارہ ’’جامعہ احمدیہ‘‘ بنا دیا اور محترم سید میرداؤد احمد صاحب کو اس کا پرنسپل مقرر فرمایا۔
محترم میر صاحب کے دَور میں انتہائی بنیادی نوعیت کے انتظامی کام ہوئے۔ سب سے پہلے جامعہ احمدیہ کی عمارت تعمیر کی گئی جس کا سنگ بنیاد عید الفطر کے دن 29؍ مارچ 1960ء کو حضرت مولانا غلام رسول صاحب راجیکی نے قادیان کے مقامات مقدسہ کی اینٹ سے رکھا اور 3 دسمبر 1961ء کو حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ نے اس کا افتتاح فرمایا۔
جامعہ کی مسجد کا سنگ بنیاد یکم جولائی 1972ء کو محترم صاحبزادہ مرزا منصور احمد صاحب امیر مقامی نے رکھا۔ اس مسجد کی تعمیر کے جملہ اخراجات محترم خان اقبال محمد خانصاحب آف گوجرانوالہ نے ادا کئے اور مسجد کا نام اُن کی خواہش پر ان کی اہلیہ حسن بی بی صاحبہ کے نام پر ’’مسجد حسن اقبال‘‘ حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ کی منظوری سے رکھا گیا۔
ناصر ہوسٹل کی عمارت کی تعمیر جاری تھی کہ محترم میر صاحب 25؍ اپریل 1973ء کو وفات پاگئے۔ 21؍نومبر 1974ء کو حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ نے ناصر ہوسٹل کا افتتاح فرمایا۔
اپریل 1973ء میں مکرم مولانا سیف الرحمن صاحب جامعہ احمدیہ کے پرنسپل مقرر ہوئے۔
حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ نے اپنے آغاز خلافت میں 1982ء میں علمی موضوعات پر تحقیق کے لئے جامعہ احمدیہ میں ایک ریسرچ سیل قائم کیا۔ اسی طرح مختلف علوم میں مستند اور ٹھوس اور گہرے علم کے حامل ماہرین تیار کرنے کے لئے تخصص کا نظام جاری کیا گیا۔ اس کے تحت طلباء کو بیرون از ربوہ اور بیرون ملک بھی تعلیم کے لئے بھجوایا جاتا ہے۔
مارچ 1981ء سے حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ نے جامعہ احمدیہ میں ایڈمنسٹریشن کا نظام جاری کیا تھا اور مکرم صاحبزادہ مرزا انس احمد صاحب ایڈمنسٹریٹر مقرر ہوئے۔ 5 ستمبر 1985ء کو پرانا نظام بحال کرتے ہوئے پرنسپل ہی انتظامی سربراہ مقرر ہوا۔ 1984ء میں محترم ملک سیف الرحمن صاحب بوجہ بیماری کینیڈا تشریف لے گئے تو محترم عطاء اللہ کلیم صاحب قائم مقام پرنسپل مقرر ہوئے۔ اور اُن کی تقرری بیرون ملک ہونے پر محترم ملک مبارک احمد صاحب دسمبر 1985ء میں قائم مقام پرنسپل مقرر ہوئے۔
23؍دسمبر 1986ء میں محترم سید میر محمود احمد ناصر صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ مقرر ہوئے اور تاحال اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
جماعت کی بڑھتی ہوئی تعلیمی و تربیتی ضروریات کے پیش نظر حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کے ارشاد و منظوری کے ماتحت 1984ء میں جامعہ احمدیہ کی تدریس کو دو حصوں میں تقسیم کردیا گیا یعنی چار سالہ کورس ’’مبشر‘‘ اور سات سالہ کورس ’’شاہد‘‘ میں۔ 1998ء تک یہ سلسلہ جاری رہا۔
حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ نے 3؍اپریل 1987ء کو تحریک وقف نو کا اجراء فرمایا تھا۔ اس تحریک میں چونتیس ہزار بچے شامل ہیں جن میں سے بائیس ہزار پاکستان میں ہیں۔ چنانچہ اس کے لئے ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایک توسیعی منصوبہ کے تحت تعمیرات کا ایک سلسلہ شروع کیا گیا۔ ان تعمیرات کے لئے حضورؒ نے محترم چودھری حمیداللہ صاحب وکیل اعلیٰ تحریک جدید کی صدارت میں ایک کمیٹی قائم فرمائی جس کی نگرانی میں تعمیراتی کام بڑی سرعت کے ساتھ جاری و ساری ہیں۔ اس منصوبہ کے تحت جامعہ احمدیہ کا جونیئر سیکشن تیار کیا گیا جس میں یکم ستمبر 2002ء سے تدریس شروع ہوگئی۔ اس سیکشن کے مکرم راجہ منیر احمد خانصاحب وائس پرنسپل اور 17؍اگست 2007ء کو پرنسپل مقرر کئے گئے۔ اس سیکشن کا افتتاح حضرت صاحبزادہ مرزا مسرور احمدصاحب ناظر اعلیٰ و امیر مقامی نے یکم ستمبر 2002ء کو فرمایا تھا۔ اور اسی دن تدریس کا آغاز محترم چوہدری حمید اللہ صاحب نے اسمبلی میں طلباء و اساتذہ کو نصائح اور دعا سے کروایا تھا۔ اس وقت جونیئر سیکشن میں 471 طلباء زیر تعلیم ہیں اور 30 اساتذہ خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
جامعہ احمدیہ سینئر سیکشن کی دو منزلہ عمارت بھی تعمیر ہوچکی ہے اور اس میں کلاسز ہوتی ہیں۔ اس کا سنگ بنیاد محترم صاحبزادہ مرزا خورشید احمد صاحب ناظر اعلیٰ و امیر مقامی نے23 مارچ 2004ء کو رکھا تھا۔ اسی طرح محمود ہوسٹل کی خوبصورت تین منزلہ عمارت بھی تعمیر ہوچکی ہے جس کا سنگ بنیاد محترم چوہدری حمیداللہ صاحب نے 16 جون2002ء کو رکھا تھا۔نیز پانچ منزلہ مسرور ہوسٹل کا سنگ بنیاد محترم چوہدری حمید اللہ صاحب نے 22 مارچ 2007ء کو رکھا۔ اسی طرح اساتذہ کے کوارٹرز کی تعمیر بھی جاری ہے۔
اس وقت سینئر جامعہ میں 348طلبہ اور 37 اساتذہ فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
حضرت مولانا ابو العطاء صاحب جالندھری نے عربی زبان میں ایک رسالہ ’’البشریٰ‘‘ 1958ء میں نکالا تھا۔ یہ رسالہ محترم سید میر داؤد احمد صاحب کی خواہش پر جامعہ نے اپنا لیا۔ حضرت مصلح موعودؓ کی اجازت سے جنوری 1959ء سے جب یہ رسالہ جامعہ احمدیہ کی طرف منتقل ہوگیا تو محترم ملک مبارک احمد صاحب اس کے مدیر مقرر ہوئے۔ یہ رسالہ 1973ء تک جاری رہا۔
طلباء میں ذوق جستجو بڑھانے اور تحقیق کا شوق پیدا کرنے کے لئے محترم سید میر داؤد احمد صاحب نے مجلہ جامعہ کے نام سے ایک سہ ماہی رسالہ جاری فرمایا جو قادیان سے شائع ہونے والے رسالہ جامعہ احمدیہ کا ایک رنگ میں دوبارہ احیاء تھا۔ اس رسالہ کا پہلا شمارہ 1964ء میں شائع ہوا۔ یہ نہایت علمی اور تحقیقی مجلہ بھی 1973ء تک شائع ہوتا رہا۔
جامعہ کی لائبریری میں قریباً 35ہزار کتب ہیں اور تیس سے زائد رسائل و اخبارات باقاعدہ آتے ہیں۔ ریسرچ سیل کی اپنی لائبریری ہے جس میں تقریباً تین ہزار حوالہ جاتی کتب ہیں۔ 18 فروری 2004ء کو کمپیوٹر لیب کا قیام بھی عمل میں آیا۔
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے صلیب سے نجات پانے اور کشمیر کی طرف ہجرت کی تحقیق کو مزید آگے بڑھانے اور نیز تحریک آزادی کشمیر میں جماعت احمدیہ کے کردار کو اجاگر کرنے کے لئے محترم سید میر محمود احمد صاحب ناصر کی درخواست پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے جامعہ احمدیہ میں 31؍اکتوبر 2004ء کو واقعہ صلیب سیل کی منظوری عنایت فرمائی۔ اس سیل میں انتہائی اہم تحقیقات جاری ہیں۔
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشاد پر 17؍اگست 2007ء کو جامعہ احمدیہ کے اساتذہ کی مجلس علمی کا قیام عمل میں آیا۔
نوٹ: اس مضمون میں مدرسۃالحفظ کا تعارف بھی شامل ہے جو قبل ازیں ہفت روزہ ’’الفضل انٹرنیشنل‘‘ 27؍جون 2003ء کے الفضل ڈائجسٹ میں شامل اشاعت کیا جاچکا ہے۔

0
یہ مضمون شیئر کرنے کے لئے یہ چھوٹا لنک استعمال کریں۔ جزاک اللہ [https://khadimemasroor.uk/5GVYa]

اپنا تبصرہ بھیجیں