حضرت زینب بی بی صاحبہ رضی اللہ عنہا
حضرت زینب بی بی صاحبہ کی وفات جون 1976ء میں 90 برس کی عمر میں ہوئی۔ آپ کی مالی قربانیوں کے بارہ میں روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 23؍نومبر 1996ء میں ’’تاریخ لجنہ‘‘ سے منقول ہے کہ جب آپؓ لجنہ فیروزپور کی صدر تھیں تو حضرت مصلح موعودؓنے تحریک کی کہ ہرشہرکی لجنہ ایک دیگ کی قیمت دے۔ چنانچہ آپؓ نے اپنا کچھ زیور فروخت کرکے رقم قادیان بھجوادی۔ اسی طرح مسجد فضل لندن کی تعمیر کیلئے آپؓ نے گلوبند کے علاوہ سارا زیور فروخت کرکے 90روپے ادا کئے اور پھر مینارۃالمسیح کی تکمیل کی تحریک پر گلوبند بھی فروخت کردیا اور یکصد روپیہ کی ادائیگی کی۔
تحریک شدھی کے موقع پر آپؓ کے شوہر محترم محمد فاضل صاحب نے بھی حضرت مصلح موعودؓ کی آواز پر لبیک کہا اور دو ماہ کیلئے خود کو پیش کیا۔ جس روز انہیں آگرہ جانا تھااسی روز آپ کا بچہ وفات پا گیا۔ اس سے قبل بھی دو بچے وفات پاچکے تھے- کئی دوستوں نے چند روز ٹھہرجانے کا مشورہ دیا لیکن حضرت زینب بی بی صاحبہؓ نے اللہ تعالیٰ پر توکل کرتے ہوئے انہیں آگرہ بھجوادیا۔