حضرت شیخ محمد احمد مظہر صاحب کی دعا کا اعجاز
لجنہ اماء اللہ کینیڈا کے سہ ماہی رسالہ ’’النساء‘‘ کے جلسہ سالانہ نمبر 1999ء میں مکرمہ راضیہ لطف الرحمان صاحبہ اپنے داداحضرت شیخ محمد احمد مظہر صاحب کا یہ واقعہ بیان کرتی ہیں کہ جب آپ کی بینائی بہت کمزور ہوگئی تو بھی آپ ہر وقت مطالعہ کرتے رہتے اور دعاؤں میں مصروف رہتے اور بار بار فرماتے کہ ابھی مجھے بہت سا کام کرنا ہے۔ 24؍نومبر 1989ء کو جمعہ کے روز رات اڑہائی بجے آپ کی آنکھ کھلی تو آپ نے ایک کشفی نظارہ دیکھا کہ چاروں طرف دیواروں پر اوپر سے نیچے تک بڑے خوشخط الفاظ میں یہ کلمات لکھے ہوئے ہیں کہ ’’تمہاری نظر پُرنور ہو جائے گی کیونکہ خدا تم پر خوش ہوا‘‘۔ دیوار پر سفیدی کی ہوئی تھی جس پر یہ الفاظ آپ کو پون گھنٹہ تک نظر آتے رہے۔ آپ نے قریب ہی سوئے ہوئے اپنے پوتے فاروق کو جگایا اور پوچھا کہ کیا یہ الفاظ اُسے بھی نظر آ رہے ہیں۔ لیکن اُسے کچھ نظر نہیں آیا اور آپ کو وہ الفاظ مسلسل نظر آتے رہے۔ … ایک روز کے وقفہ کے بعد اگلے روز آپ کو انہی دیواروں پر مزید کچھ عبارتیں لکھی ہوئی نظر آئیں۔ یہ بھی لکھا ہوا تھا کہ خدا پر بھروسہ کر اور علاج کرا۔ چنانچہ آپ نے علاج کروایا اور خدا کے فضل سے آپ کی بینائی آخر وقت تک کام کرتی رہی۔