حضرت صاحبزادہ مرزا منصور احمد صاحب
ماہنامہ ’’انصاراللہ‘‘ مارچ 2000ء میں شاملِ اشاعت ایک انٹرویو میں محترم صاحبزادہ مرزا مسرور احمد صاحب بیان کرتے ہیں کہ حضرت صاحبزادہ مرزا منصور احمد صاحب نہایت معمورالاوقات تھے، آرام طلبی کو پسند نہ فرماتے، آپ کے دل میں غنا، بے نفسی اور قناعت تھی۔ ملازمین کے ساتھ بہت حسن سلوک کرتے، اُن کے بچوں کی تعلیم اور شادی کے موقع پر لوازمات میں خاص دلچسپی لیتے۔
بچوں کیلئے بہت محبت تھی لیکن غلطی دیکھ کر سختی کرتے، اُنہیں سخت جان اور محنتی بنانے کی کوشش کرتے، باجماعت نماز کی نگرانی کرتے۔
اکثر اوقات ذکر الٰہی میں مصروف رہتے، کتب کا مطالعہ بھی ضرور کرتے، خدمت دین کی طرف خاص توجہ تھی۔