حضرت ماسٹر عطا محمد صاحب رضی اللہ عنہ
حضرت ماسٹر عطا محمد صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے 55 سال کی عمر میں اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد 33 برس تک جامعہ احمدیہ کے استاد کی حیثیت سے خدمت سرانجام دی۔ آپؓ کی فرض شناسی، زندہ دلی اور بلند ہمتی کے چند واقعات روزنامہ ’’الفضل‘‘ 7؍نومبر 1996 میں شائع ہوئے ہیں۔ باوجود ضعیف العمری کے جامعہ احمدیہ میں وقت پر پہنچنا اور تدریس کا فریضہ محبت اور محنت سے انجام دیناآپؓ کا شعار رہا۔ طلباء کے ہمراہ کئی بار لمبے پیدل سفر بھی کئے اور پہاڑوں کی سیاحت بھی کی لیکن کبھی کم ہمتی نہیں دکھائی بلکہ عموماً طلباء سے پہلے اپنا سفر شروع کردیا کرتے تھے تاکہ منزل مقصود پر وقت مقررہ پر پہنچنا عمر کی وجہ سے روک نہ بنے۔ محترم نسیم سیفی صاحب ایڈیٹر الفضل ربوہ آپؓ کے فرزند ہیں۔