حضرت مصلح موعودؓ غیروں کی نظر میں
ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان 6؍فروری 2002ء میں حضرت مصلح موعودؓ کے بارہ میں مختلف اہم افراد اور اخبارات کی آراء شامل اشاعت ہیں۔ بعض حوالہ جات غیرملکی اخبارات سے لئے گئے ہیں۔
’’جریدۃ الف والیائ‘‘ دمشق لکھتا ہے: ’’آپ نہایت ذہین، بہت روانی اور سلاست و فصاحت سے بولنے والے اور زبردست دلائل اپنی تائید میں پیش کرنے والے ہیں۔ بحث و مباحثہ سے اور مناظرہ سے نہ تھکتے ہیں نہ اکتاتے ہیں‘‘۔ ’’آپ کے چہرے کے خدوخال آپ کے نہایت ذہین ہونے پر دلالت کرتے ہیں اور آپ کو دیکھنے والا آپ کے رعب و وقار سے متأثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا‘‘۔
اخبار ’’فتی العرب‘‘ دمشق لکھتا ہے: ’’…جلال و وقار چہرہ پر غالب ہے، دونوں آنکھیں ذکاوت و ذہانت اور غیرمعمولی علم و عقل کی خبر دے رہی ہیں۔ آپ ان کے چہرہ کے خدوخال میں، جبکہ وہ برف کی مانند اپنی پگڑی پہنے کھڑے ہوں، یہ دماغی قابلیتیں دیکھیں تو آپ کو یقین ہوجائے گا کہ آپ ایک ایسے شخص کے سامنے ہیں جو آپ کو قبل اس کے کہ آپ اسے سمجھیں خوب سمجھتا ہے، آپ کے لبوں پر تبسم کھیلتا رہتا ہے جو کبھی ظاہر اور کبھی پوشیدہ ہوجاتا ہے اور اگر آپ اس کیفیت کو دیکھیں تو آپ اس تبسم کے نیچے جو معنی ہیں اور جو اس میں جلال ہوتا ہے اس سے حیران ہوجائیں گے‘‘۔