حضرت مصلح موعودؓ کی دعا کی قبولیت
ڈھاکہ کے محترم فیض عالم صاحب کا ایک بیان کردہ ایک واقعہ روزنامہ ’’الفضل‘‘ 25؍جنوری 1996ء میں کسی پرانی اشاعت سے منقول ہے کہ ان کی اہلیہ لاعلاج نسوانی مرض میں مبتلا تھیں اور ہر قسم کے علاج کے باوجود مرض بڑھتا جا رہا تھا حتی کہ زندگی سے بھی مایوسی ہوگئی۔ آخر حضرت مصلح موعودؓ کی خدمت میں دعائیہ خط لکھ کر حالات عرض کئے تو حضورؓ نے جواباً فرمایا ’’اچھی ہو جائے گی‘‘۔ اسی دوران ان کی اہلیہ نے خواب میں حضرت مصلح موعودؓ کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ دعا کو دوا کے طور پر استعمال کرتی جاؤ۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے (ڈاکٹروں کے نزدیک لاعلاج) بیماری سے کامل صحت ہوگئی اور اولاد بھی عطا ہوئی۔