حضرت مصلح موعودؓ کی عظیم قیادت
ماہنامہ ’’تحریک جدید‘‘ ربوہ جولائی 2010ء میں مکرم سید میر محمد احمد صاحب کا ایک مضمون شائع ہوا ہے جس میں آپ لکھتے ہیں کہ 1970ء کے الیکشن کے زمانہ میں مولانا کوثر نیازی صاحب اور جناب مسعود کھدرپوش (جو I.C.S. افسر تھے اور پنجاب گورنمنٹ کے محکمہ اوقاف کے سیکرٹری تھے) کے ساتھ دوستانہ تعلقات تھے۔ ایک روز مسعود صاحب نے بتایا کہ 1934ء میں وہ مجلس احرار کے پُرجوش ممبر تھے اور قادیان کی اینٹ سے اینٹ بجانے والے مجلس احرار کے تاریخی جلسہ میں شمولیت کے لئے قادیان بھی گئے تھے۔وہ کہنے لگے کہ اس جلسہ کے بعد جب آپ کے حضرت صاحب نے یہ اعلان کیا کہ مَیں احرار کے پاؤں کے نیچے سے زمین نکلتی دیکھ رہا ہوں تو ہم اپنی پارٹی کی میٹنگز میں بہت ہنسے کیونکہ اُن کی یہ بات دُور از قیاس لگتی تھی۔ مجلس احرار ایک بے حد مضبوط اور مقبول پارٹی تھی اور ہمیں یقین تھا کہ آئندہ پنجاب کے الیکشن میں ہم واضح اکثریت حاصل کرلیں گے اور حکومت بناکر مرزائیت کا خاتمہ کردیں گے۔ لیکن اچانک ہم سے ایک شدید سیاسی غلطی ہوگئی اور زمین سچ مچ ہمارے پیروں کے نیچے سے نکل گئی۔ یہ ایسے ہوا کہ مسجد شہید گنج والے معاملہ میں ہماری پالیسی کو پنجاب کے مسلمانوں نے قبول نہ کیا اور تقریباً سارا مسلمان معاشرہ ہمارے خلاف ہوگیا اور ہم الیکشن میں کوئی خاص کامیابی حاصل نہ کرسکے۔
وہ مزید کہنے لگے کہ پھر آپ کے حضرت صاحب نے ایک جادو کی چھڑی نکالی اور اس سے مجلس احرار کو سخت زک پہنچائی۔ یہ چھڑی تحریک جدید تھی۔ اس کے ذریعہ انہوں نے ایک طرف غریب جماعت کو سادہ زندگی گزار کر مالی قربانی کی طرف مائل کیا اور ایک دو سال کے عرصہ میں اسی غریب جماعت میں سے ایک تربیت یافتہ مضبوط لشکر پیدا کردیا۔ پھر اس چھڑی کو اَور لمبا کیا اور دنیا کے کئی ملکوں میں اپنے تبلیغی مشن قائم کرکے اس کمزور سی جماعت کو انٹرنیشنل جماعت بنادیا۔
مضمون نگار تحریر کرتے ہیں کہ یہ بات بیان کرتے ہوئے مَیں سوچ رہا ہوں کہ جو بات مسعود کھدرپوش صاحب کو سب سے پہلے بیان کرنی چاہئے تھی وہ حضرت مصلح موعودؓ کی بے مثال قیادت کی قابلیت تھی جو ترقی کا اصل راز تھا۔ چنانچہ اس (تحریک جدید کے قیام) کے بعد قادیان سے احمدیوں اور دیگر ہزاروں مسلمانوں کو بحفاظت بہترین انتظام کے تحت پاکستان لانا اور یہاں ایک نیا مرکز بسا دینا کسی عام لیڈر کا کام نہیں تھا بلکہ اسی عظیم لیڈر کا کام تھا۔