حضرت مولانا عبدالرحیم صاحب درد رضی اللہ عنہ
حضرت مولانا عبدالرحیم صاحب درد رضی اللہ تعالیٰ عنہ 19 ؍جون 1894ء کو لدھیانہ میں پیدا ہوئے۔
آپؓ کے والد حضرت مولوی قادر بخش صاحب رضی اللہ عنہ صحابہ کبار میں سے تھے۔
حضرت مولانا درد صاحبؓ نے M.A. کر کے زندگی وقف کر دی۔ 1924ء میں حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے ہمراہ برطانیہ گئے اور حضورؓ کی واپسی کے بعد انگلستان مشن کے انچارج مقرر ہوئے۔ مسجد فضل لندن کی بنیاد اور تعمیر آپ کے دَور میں ہوئی۔ 1928ء میں واپس ہندوستان آئے اور 1933ء سے 1938ء تک دوبارہ انگلستان میں خدمت کی توفیق پائی۔ پھر واپس قادیان جا کر حضورؓ کے پرائیویٹ سیکرٹری کے طور پر کام کرنے کے علاوہ تعلیم و تربیت، امورعامہ اور امورخارجہ کے شعبوں کے ناظر بھی رہے۔ کچھ عرصہ انگریزی مترجم قرآن اور ایڈیشنل ناظر اعلیٰ کے طور پر بھی خدمت کی توفیق پائی۔ 1931ء میں کشمیر کمیٹی کے سیکرٹری اور مسلم لیگ کونسل کے رکن کی حیثیت سے بھی نمایاں خدمت انجام دی۔ 1933ء میں حضرت مصلح موعودؑ کے ارشاد پر قائداعظم محمد علی جناح سے متعدد ملاقاتیں کرکے انہیں ہندوستان جاکر مسلمانوں کی راہنمائی کرنے کی ترغیب دی۔ محترم عبدالستار خان صاحب کے قلم سے یہ مضمون روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 4؍ مارچ 1996ء میں شائع ہوا ہے۔
7؍ دسمبر 1955ء کو حضرت مولانا درد صاحبؓ اچانک وفات پا گئے۔ سیدنا حضرت مصلح موعودؓ نے آپؓ کی نماز جنازہ پڑھائی اور جنازہ کو کندھا دیا اور بہشتی مقبرہ ربوہ کے قطعہ صحابہؓ میں آپؓ کی تدفین ہوئی۔ 9؍ دسمبر 1955ء کو حضورؓ نے خطبہ جمعہ میں آپؓ کا ذکر خیر فرمایا اور آپؓ کی بعض خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے نوجوانوں کو نصیحت فرمائی کہ خدمت دین کیلئے آگے آئیں۔