حضرت میاں جان محمد صاحبؓ کا انٹرویو
حضرت اقدس مسیح موعودؑکے صحابی حضرت میاں جان محمد صاحب 6؍ستمبر 98ء کو 108؍سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ کچھ عرصہ قبل جب آپؓ محمود آباد ضلع عمرکوٹ میں رہائش پذیر تھے تو آپؓ کا ایک مختصر انٹرویو مکرم ناصر فاروق سندھو اور انیس احمد ندیم صاحبان کے قلم سے ماہنامہ ’’تشحیذالاذہان‘‘ ربوہ مئی 1998ء میں شامل اشاعت ہوا۔
حضرت میاں جان محمد صاحبؓ 1891ء میں ضلع گورداسپور کے ایک گاؤں پھیروچیچی میں پیدا ہوئے۔ آپکے والد حضرت غلام محمد صاحبؓ نے 1905ء میں دستی بیعت کی سعادت حاصل کی تھی۔ اُس وقت گاؤں میں چند ایک احمدی تھے اسلئے گاؤں والوں کی شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا حتیٰ کہ مسجد میں بھی نماز پڑھنے سے روک دیا گیا۔ جب یہ صورتحال حضرت مسیح موعودؑکی خدمت اقدس میں عرض کی گئی تو آپؑ نے فرمایا کہ تم سب احمدی احباب زمین پر خالی جگہ اور صاف جگہ دیکھ کر نماز پڑھ لیا کرو اور یہ امید رکھو کہ وہ مسجد بھی ایک دن تمہیں ملے گی۔ چنانچہ احباب نے اس حکم کی تعمیل کی لیکن جمعہ قادیان جاکر پڑھا کرتے تھے۔ آخر حضورؑ کی پیشگوئی کے مطابق مسجد احمدیوں کو مل گئی کیونکہ سارا گاؤں احمدی ہوگیا۔
حضرت میاں جان محمد صاحبؓ بچپن سے ہی اپنے والد صاحبؓ کے ہمراہ قادیان جاتے رہے اور حضرت مسیح موعودؑ کی اقتداء میں نمازیں پڑھنے کی توفیق بھی پائی اور ہر نماز جمعہ کے بعد حضرت اقدسؑ سے حسب روایت مصافحہ اور اور ملاقات کا شرف بھی حاصل کرتے رہے۔ حضورؑ کی صحبت سے فیضیاب ہونے کا سلسلہ حضورؑ کی وفات تک جاری رہا۔
حضرت میاں صاحبؓ کے گاؤں سے قریب ترین سکول دس میل کے فاصلہ پر تھا اسلئے آپ باقاعدہ تعلیم حاصل نہیں کرسکے تاہم آپ کو قرآن کریم اور حضرت مسیح موعودؑ کی کتب اور دیگر لٹریچر پڑھتے رہنے کی وجہ سے تھوڑا بہت لکھنا پڑھنا آگیا۔ آپ کا بچپن انتہائی سادگی سے کھیتی باڑی میں گزرا۔ آپکے بچپن میں حضرت مصلح موعودؓ کبھی کبھی شکار کھیلنے آپ کے گاؤں آیا کرتے تھے۔ ایسے مواقع پر آپ اور آپکے بعض دوست حضورؓ کے ہمراہ شکار کرنے کیلئے نکل جایا کرتے تھے۔
جب حضرت مصلح موعودؓ نے احمدیوں کو فوج میں بھرتی ہونے کی تلقین فرمائی تو حضرت میاں صاحب بھی فوج میں بھرتی ہوگئے۔ اُس زمانہ میں یہ ملازمت سال میں دو ماہ ہوا کرتی تھی اور دس ماہ چھٹیاں ہوتی تھیں۔ عام فوجی کی تنخواہ بارہ روپے تھی اور آپ کو آپکے عہدہ کی وجہ سے پندرہ روپے ماہوار ملا کرتے تھے۔ ملازمت کے دوران ہی فٹ بال کھیلتے ہوئے آپکی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ جس کے بعد آپ نے ملازمت چھوڑ دی۔
آپ کا رابطہ نمبر اور ای میل ایڈریس بتا دیں ۔میاں جان محمد صاحب کے متعلق دیگر معلومات اور تصاویر شیئر کرنی ہیں
جواب: یوکے کا وٹس ایپ نمبر ہے: 07443396495