حضرت چودھری دولت خاں صاحب ؓ
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 25؍اگست 2011ء میں مکرم رانا عبدالرزاق خاں صاحب کے قلم سے حضرت چوہدری دولت خاں صاحب ؓ آف کاٹھگڑھ کا ذکرخیر شامل اشاعت ہے۔
حضرت چودھری دولت خاں صاحب قریباً 1870ء میں حضرت چودھری بلند خاںصاحبؓ کے گھر کاٹھگڑھ ضلع ہوشیار پورمیں پیداہوئے۔ ابتدائی تعلیم آریہ سکول سے حاصل کی۔ پھر برٹش انڈین آرمی میں بھرتی ہوگئے۔آپ چار بھائی تھے۔ آپ اور آپ کے والد نے اپنی برادری کے ساتھ1903ء میں حضرت مسیح موعودؑ کی بیعت کی تھی۔
حضرت چودھری صاحبؓ 1947ء میں جماعت کاٹھگڑھ کے سیکرٹری مال تھے۔ قادیان جلسہ پر باقاعدہ جایا کرتے تھے۔ آپؓ کے تین بھائی تھے۔ ایک بھائی حضرت چودھری ہدایت خاں صاحبؓ قادیان میں حضرت اماںجانؓ کی ڈیوڑھی پر دربان بھی رہے۔
تقسیم ملک کے بعد چند سال فیصل آباد کے ایک گاؤں میں رہائش رکھی۔ بعد ازاں آپ کو شورکوٹ کے ایک گاؤں میں زمین الاٹ ہوگئی۔ آپ نے وہاں جماعت کو منظم کیا اور عرصہ دراز تک اس جماعت میں صدر بھی رہے۔ آپ نہایت متقی، پرہیزگار ، پابند نمازو روزہ اور باکردار احمدی تھے۔ یہاں مسجد بھی تعمیر کروائی۔ آپؓ موصی تھے۔ 21؍اپریل 1965ء کو وفات پائی اور بہشتی مقبرہ ربوہ میں تدفین ہوئی۔
آپؓ کے بڑے بیٹے مکرم چوہدری محمد علی خاں صاحب 1906ء میں پیدا ہوئے تھے اور 11 مئی 1982ء کو انہوں نے وفات پائی۔ انہیں خوشاب میں اپنی جماعت کے سیکرٹری مال کے طور پر خدمت کی توفیق ملتی رہی۔ جبکہ آپؓ کے ایک چھوٹے بیٹے چوہدری علی محمد صاحب بھی آپؓ کی وفات کے بعد اپنی جماعت کے صدر اور سیکرٹری مال وغیرہ رہے۔ وہ 1914ء میں پیدا ہوئے تھے اور 10 مارچ 1975ء کو انہوں نے وفات پائی۔ موصی تھے۔
مکرم رانا نعیم الدین صاحب مجاہد ساہیوال حضرت چودھری دولت خاں صاحبؓ کے داماد ہیں ۔