حضرت چودھری سردار خانصاحب کاہلوں
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 6ستمبر 2011ء میں مکرم منصور احمد صاحب امیر ضلع حیدر آباد نے اپنے دادا حضرت چودھری سردار خان صاحبؓ آف چک چہور ضلع شیخوپورہ کا ذکرخیر کیا ہے۔ آپؓ ان خوش نصیب احباب میں شامل تھے جن کو حضرت مسیح موعود کے دعویٰ کی ابتدا میں احمدیت قبول کرنے کی توفیق ملی۔ آپؓ اپنے ایک بھائی چوہدری نواب خان صاحب کے ہمراہ گاؤں کے ایک حافظ قرآن بزرگ کی خدمت میں حاضر ہوئے جنہوں نے بتایا کہ حضرت مرزا صاحب نے قادیان میں امام مہدی ہونے کا دعویٰ کیا ہے اور مَیں نے بیعت کا خط لکھ دیا ہے۔ اُسی وقت ان دونوں بھائیوں نے کہا کہ ہماری بیعت کا بھی خط لکھ دیں ۔
آپؓ کی دستی بیعت کا ریکارڈ دستیاب نہیں ہے۔ تاہم آپؓ ایک مخلص داعی الی اللہ اور جوشیلے احمدی تھے۔ آپؓ کی وفات 10مئی 1935ء کو ہوئی۔ آپؓ کو اللہ تعالیٰ نے ایک بیٹی اور دو بیٹے عطا کئے۔ جن کی اولاد میں خدا کے فضل سے کئی خدمت کرنے والے موجود ہیں ۔