حضرت ڈاکٹر منظور احمد صاحبؓ
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ18؍اکتوبر 2007ء میں حضرت ڈاکٹر منظور احمد صاحبؓ کا مختصر تعارف شامل اشاعت ہے۔ آپؓ 1896ء میں حضرت مولوی محمد دلپذیر صاحب بھیرویؓ کے ہاں پیدا ہوئے۔ 1908ء میں زیارت اور بیعت کی سعادت حاصل کی۔ اُسی سال جلسہ سالانہ قادیان میں بھی شامل ہوئے۔ آپؓ بیان فرماتے ہیں کہ جب حضرت خلیفۃالمسیح الاوّلؓ نے جلسہ سالانہ کے موقع پر حضرت مرزا بشیرالدین محمود احمد صاحبؓ کی تقریر کے بعد ان کی قرآن دانی کے متعلق چند تعریفی کلمات فرمائے تو میرے پاس بیٹھے ہوئے ڈاکٹر بشارت احمد صاحب (جو بعد میں لاہوری جماعت میں شامل ہوگئے) جھوم جھوم کر کہہ رہے تھے: سبحان اللہ، سبحان اللہ ، آپ کے بعد یہی خلیفہ ہوں گے۔
حضرت ڈاکٹر صاحبؓ نے لمبا عرصہ ضلع سرگودھا اور قادیان میں گزارا اور دونوں جگہ تبلیغ میں سرگرم رہے۔ آپؓ نے کئی پنجابی تبلیغی نظمیں بھی کہیں جو بہت سوں کی ہدایت کا موجب بنیں۔ کئی کتب بھی تالیف فرمائیں۔ آپؓ اردو کے بھی عمدہ شاعر تھے اور سلسلہ کے لٹریچر میں آپؓ کا کلام شائع ہوا کرتا تھا۔