خدایا مجھ کو دکھا میری کاوشوں کا ثمر – نظم
روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 19؍جولائی 2010ء میں مکرم انصر رضا صاحب کی ایک نظم بعنوان ’’ایک خادم دین کی دعا‘‘ شائع ہوئی ہے۔ اس نظم سے انتخاب پیش ہے:
خدایا مجھ کو دکھا میری کاوشوں کا ثمر
کہ خالی ہاتھ ہی دنیا سے مَیں نہ جاؤں گزر
نکلنا راہ میں تیری تھا حکم ، سو مَیں چلا
جو میرا کام تھا مَیں نے کیا ، تُو اپنا کر
جو ہمکلام ہو وہ ہم خیال ہو جائے
دلیل جو بھی سنے ڈال دے وہیں پہ سپر
مرے قلم کی سیاہی سے روشنی پھیلے
مسوّدہ جو لکھا جائے وہ ہو رشکِ قمر
صریرِ خامہ نوائے سروش ہو جائے
ترے وجود کی شاہد بنے ہر ایک سطر
بلند نام ہو تیرا ، تیرے محمدؐ کا
زمیں پہ سجدے میں کرتا ہی جاؤں جھک جھک کر
ترے ہی فضل سے ہوگا یہ کارِ خیر تمام
کہیں بھی کام نہ آؤں گا مَیں نہ میرا ہنر