خلفائے سلسلہ احمدیہ کی تحریکات
خلفائے کرام سلسلہ عالیہ احمدیہ نے اللہ تعالیٰ کی منشاء اور راہنمائی کے تابع جماعت احمدیہ کے لئے بیسیوں روحانی،تربیتی، علمی اورانتظامی تحریکات جاری فرمائیں جن کے بارہ میں مکرم عبدالسمیع خان صاحب کا ایک مضمون روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ کے سالانہ نمبر 1996ء میں شامل اشاعت ہے۔
خلافت اولیٰ کی تحریکات
٭ دینی مدرسہ کے قیام کی تحریک حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمائی تھی جس پر بھر پور عملدرآمد حضرت خلیفتہ المسیح الاول رضی اللہ عنہ کے دور میں ہوا۔
یکم مارچ 1909ء کو اس درسگاہ کی بنیاد رکھی گئی جو مختلف ادوار سے گزرتا ہوااس وقت ’’جامعہ احمدیہ‘‘ کی صورت میں عظیم الشان خدمت کررہا ہے۔
٭ حضرت خلیفہ اولؓنے واعظین سلسلہ کے تقرر کی تحریک فرمائی اور حضرت شیخ غلام احمدصاحب کو 1908ء میں پہلا واعظ سلسلہ مقررکیا۔
٭ 1912ء میں حضورؓنے جماعت کو ’’علمِ تعبیرالرؤیا‘‘ سیکھنے کی تحریک فرمائی۔ یہ تحریک حضورؓ کے عالمانہ مزاج کی آئینہ دار ہے۔
خلافت ثانیہ کی تحریکات
٭ حضرت مصلح موعودؓنے تحریک جدید کا اجراء نومبر1934ء میں فرمایا اور 27؍ہزار روپے کی ایسی عظیم الشان مالی تحریک فرمائی جو آج سینکڑوں دیگر تحریکات کا مجموعہ بن چکی ہے۔
٭ 27؍دسمبر1958ء کو حضورؓنے دیہات میں تبلیغی امور میں وسعت دینے کیلئے وقف جدید کی تحریک فرمائی۔
٭ 20؍مارچ1944ء کوحضورؓنے دنیا کی 7 مختلف زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم کی اشاعت کی تحریک فرمائی۔
٭ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ستمبر1907ء میں واقف زندگی کی تحریک فرمائی تھی جس پر 13؍افراد نے لبیک کہا تھا۔ حضرت مصلح موعودؓنے 7دسمبر1917ء کو اس تحریک کا احیاء کیا۔ اس موقع پر 63؍خدام نے خود کو پیش کیا۔
٭ حضرت مصلح موعودؓنے مختلف علوم کے ماہرین اور حفاظِ قرآن پیداکرنے کی تحریکات بھی فرمائیں۔
تحریکات خلافت ثالثہ
٭ حضرت مصلح موعودؓکی یاد میں صدقہ جاریہ کے طور پر حضرت خلیفۃالمسیح الثالثؒنے جلسہ سالانہ1965ء کے موقع پر فضل عمرفاؤنڈیشن کی تحریک فرمائی۔ 15؍جنوری 1967ء کو اس فاؤنڈیشن کے دفتر کا افتتاح حضورؒنے فرمایا۔ اسی تحریک کے تحت 1971ء میں خلافت لائبریری ربوہ تعمیر ہوئی۔
٭ 1970ء میں حضورؒنے افریقہ میں تعلیمی وطبی خدمات جاری کرنے کے لئے ’’نصرت جہاں سکیم‘‘ کا اجراء فرمایا۔
٭ 1965ء میں وقف بعدازریٹائرمنٹ اورمارچ1966ء میں وقف عارضی کی تحریکیں جاری فرمائیں۔
٭ حضورؒکی اہم تحریکات میں صدسالہ احمدیہ جوبلی اور بدرسوم کے خلاف جہاد کی تحریکات بھی شامل ہیں۔
تحریکات خلافت رابعہ
٭ 28؍جنوری1983ء کو حضورانورایدہ اللہ بنصرہ العزیز نے ’’دعوت الی اللہ‘‘ کی عظیم الشان تحریک فرمائی۔
٭ 3؍اپریل1987ء کو تحریک وقف نوجاری فرمائی۔
٭ 1982ء میں غربا ء کو مکان بناکر دینے کے لئے تحریک بیوت الحمد کا اجراء فرمایا۔
٭ 12؍جولائی1983ء کو غرباء کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کی تحریک فرمائی۔
٭ حضورانور کی دیگرتحریکات میں غیر زبانیںسیکھنے اور مسلم ٹیلیویژن کیلئے پروگرام تیار کرنے کے علاوہ بہت سی مالی تحریکات بھی شامل ہیں۔
(نوٹ یہ مضمون چونکہ ’’تاریخ احمدیت‘‘ کی طبع شدہ جلدوں سے تیار کیا گیا ہے اس لئے حضرت خلیفۃالمسیح الرابع ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے 1983ء کے بعد کی جانے والی عظیم الشان تحریکات اس میں بیان نہیں کی گئیں۔)