دارالصناعۃ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیوٹ

ماہنامہ ’’خالد‘‘ نومبر 2004ء میں مکرم اکبر احمد صاحب ڈائریکٹر دارالصناعۃ اپنے مضمون میں دارالصناعۃ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کا تعارف کرواتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ربوہ میں بے روزگار خدام کو ہنر سکھانے اور باعزت روزگار کے حصول میں مدد فراہم کرنے کے لئے کسی مستند ادارے کے قیام کی سفارشات مرکزی مجلس شوریٰ نے حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں پیش کی تھیں۔ جس پر مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان نے حضرت مرزا مسرور احمد صاحب ناظر اعلیٰ کی خواہش پر ایک ادارہ قائم کیا جس کی منظوری حضرت خلیفۃالمسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے عطا فرمائی اور ازراہِ شفقت اس ادارے کانام دارالصناعۃ تجویز فرمایا۔
اس ادارہ نے فوری ضرورت کے تحت ایک عمارت کرایہ پر حاصل کرکے کام کا آغاز کیا اور فروری 2004ء سے آٹو مکینک، آٹوالیکٹریشن ، جنرل الیکٹریشن، کوکنگ، کارپنٹر کی کلاسز کا اجراء کیا جس میں اس وقت ربوہ اور پاکستان بھر کے دیگر شہروںسے 171طلباء ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں۔ بیرون ازربوہ طلباء کی رہائش کے لئے ایک گھر کرایہ پر حاصل کرکے ضرورت پوری کی جارہی ہے۔
دارالصناعۃ ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کے لئے محلہ دارالفضل میں 10کنال اراضی حاصل کی گئی ہے۔ جس میں سے دو کنال صدر انجمن احمدیہ چار کنال وقفِ جدیداور چار کنال مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان نے خریدی ہے۔ جس پر ایک وسیع وعریض عمارت تعمیر کرنے کا ارادہ ہے جس میں ہوسٹل کا بھی انتظام ہوگا۔
اس وقت ادارہ میں آٹومکینک کی پہلی کلاس میں 46طلباء ، دوسری کلاس میں 52طلباء اور اب تیسری کلاس میں 47طلباء ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں۔ جنرل الیکٹریشن میں 16طلباء اور وُڈورکس کلاسز میں 5طلباء شامل ہیں۔ آٹوالیکٹریشن کلاس میں اس وقت 35طلباء تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ کوکنگ کی باقاعدہ کلاسز مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان کے گیسٹ ہاؤس ’’سرائے خدمت‘‘ میں جاری ہیں جن سے قریباً 10خدام استفادہ کررہے ہیں۔ لانڈری، فرنیچر پالشنگ اور پینٹنگ کے ٹریڈز میں
فی الحال دودو طلباء کوٹریننگ دلوائی گئی ہے۔ آٹو مکینک کے طلباء کی عملی تربیت کے لئے فائر سٹیشن کی بلڈنگ میں ایک آٹوورکشاپ قائم کی گئی ہے جس میں تجربہ کار ماہرین کی نگرانی میں مختلف ادارہ جات کی گاڑیوں کے علاوہ پرائیویٹ گاڑیوں کی مرمت بھی کی جاتی ہے۔ ٹف ٹائلز بنانے کا ایک پلانٹ بھی اس ادارہ کے تحت محلہ دارالفضل میں لگایا گیا ہے جو جماعتی عمارات کے علاوہ تجارتی بنیادوں پر نہایت اعلیٰ معیار کی ٹائل بناکر سپلائی کر رہا ہے۔
دارالصناعۃ میں نماز عصر، مغرب اور عشاء باجماعت ادا کی جاتی ہیں اور نماز عصر کے بعد لفظی ترجمہ سے قرآن مجید بھی پڑھایا جاتا ہے۔ بزم ادب کی کلاسیں بھی ہفتہ وار منعقد ہوتی ہیں۔ پکنک اور دیگر تفریحی پروگرام بھی ہوتے ہیں۔ اساتذہ کے لئے مطالعاتی دورے بھی کروائے جاتے ہیں۔ عنقریب یہاں گاڑیوں کی ڈینٹنگ، پینٹنگ، پلمبنگ، ویلڈنگ، شٹرنگ، سٹیل فکسنگ، ائیرکنڈیشننگ اینڈریفریجریشن، ریڈیو اور ٹی وی مکینکس کے کورسز کا بھی اجراء کیا جارہا ہے۔ اس ادارے کے قیام کے لئے مکرم نوید احمد خانصاحب ڈائریکٹر ٹیک نی ٹیسٹ انسٹیٹیوٹ نے نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں