درویش صحابہ کرام:حضرت بابا کرم الٰہی صاحب ؓ

ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان (درویش نمبر 2011ء) میں مکرم تنویر احمد ناصر صاحب کے قلم سے اُن 26 صحابہ کرام کا مختصر ذکرخیر شامل اشاعت ہے جنہیں قادیان میں بطور درویش خدمت کی سعادت عطا ہوئی۔
حضرت بابا کرم الٰہی صاحبؓ ولد مکرم میاں عیدا صاحب ساکن بھڈیار ضلع امرتسر نے حضرت مسیح موعودؑ کی بیعت و زیارت کی سعادت 1908ء میں حضورؑ کی وفات سے غالباً دو روز قبل حاصل کی۔
حضرت بابا کرم الٰہی صاحبؓ نے حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی تحریک پر لبّیک کہا اور مئی 1948ء میں قادیان تشریف لے آئے۔
آپ اپنی وفات سے چھ سات سال قبل آنکھوں کے آپریشن کے نتیجہ میں بینائی سے محروم ہوگئے تھے بعدازاں شنوائی میں بھی بھاری پن آگیا۔ یہ سارا عرصہ آپؓ نے بے حد صبر و رضا سے گزارا۔ نماز باجماعت کے پابند اور لمبے نوافل ادا کرنے والے تھے۔ آپؓ کی زندگی کا طُرّۂ امتیاز دعائیں کرنا ہی تھا۔ غریب طبع اور صابر و شاکر تھے ۔
حضرت بابا کرم الٰہی صاحب ؓ اَن پڑھ بھی تھے اور معمّر بھی لیکن تہجد کے پابند تھے اور نماز کے لئے معمول تھا کہ سب سے پہلے مسجد میں پہنچتے اور سب سے آخر میں مسجد سے واپس آتے۔ نہایت حلیم اور غریب الطبع اور سادہ دیہاتی وضع قطع کے بزرگ تھے۔
آپؓ نے 25؍ستمبر 1959ء کو بعمر 94سال وفات پائی اور بہشتی مقبرہ قادیان کے قطعہ صحابہ میں تدفین عمل میں آئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں