درویش صحابہ کرام: حضرت بابا غلام محمد صاحبؓ
ہفت روزہ ’’بدر‘‘ قادیان (درویش نمبر 2011ء) میں مکرم تنویر احمد ناصر صاحب کے قلم سے اُن 26 صحابہ کرام کا مختصر ذکرخیر شامل اشاعت ہے جنہیں قادیان میں بطور درویش خدمت کی سعادت عطا ہوئی۔
حضرت بابا غلام محمد صاحبؓ ولد مکرم فوجدار صاحب موضع مانگا ضلع سیالکوٹ کے رہنے والے تھے۔ 1902ء میں حضرت مسیح موعودؑ کی بیعت کا شرف حاصل کیا۔
آپؓ پُرانی وضع کے سادہ طبع بزرگ تھے۔ منحنی سا قدو قامت تھا اور سفید لباس میں ملبوس رہتے تھے۔ آخری چند سالوں میں جب ضعفِ پیری نے معذور کردیا تو دُوسری تمام ڈیوٹیوں سے فارغ ہوکر صرف بہشتی مقبرہ میں چارپائی بچھاکر پہرہ دیتے رہتے۔ غیر مسلم زائرین جو بہشتی مقبرہ کی زیارت کے لئے آتے اُنہیں بڑے شوق سے تبلیغ کیا کرتے تھے۔ گو بابا جی اَن پڑھ تھے۔ مگر جماعتی مسائل سے واقفیت رکھتے تھے۔ دُعاگو ، تہجد گزار اور صوم و صلوٰۃ نیز سنت نبوی کے بڑے ہی پابند تھے۔ سلسلہ کی ہر مالی تحریک پر خلوص اور محبت کے ساتھ لبّیک کہتے اور اپنی توفیق کے مطابق حصہ لیتے ۔ درویشی کا زمانہ بڑے ہی صبر اور سکون اور اخلاص سے گزارا۔ مرحوم کی اپنی کوئی اولاد نہ تھی۔ آپؓ موصی بھی تھے۔ 20؍اپریل 1967ء کو 87سال کی عمر پاکر فوت ہوئے او ر قطعہ صحابہ میں مدفون ہوئے۔