ذہنی دباؤ میں کمی کے طریقے – جدید تحقیق کی روشنی میں
ذہنی دباؤ میں کمی کے طریقے – جدید تحقیق کی روشنی میں
(فرخ سلطان محمود)
ذہنی دباؤ آج کی زندگی کا جزولاینفک ہے- دراصل غصہ اور اداسی کی کیفیت بھی ذہنی دباؤ کے نتیجہ میں ہی پیدا ہوتی ہے- اسی سے اعصابی مسائل بھی جنم لیتے ہیں جو دل اور دماغ کو شدید متاثر کرسکتے ہیں- بعض لوگ اس ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے لئے نکوٹین کا سہارا لیتے ہیں- کیلیفورنیا یونیورسٹی کے ایک جائزے میں انکشاف کیا گیا کہ بعض لوگ اپنے مزاج میں غصے، ناراضگی یا جارحیت کو قابو میں رکھنے کے لئے نکوٹین سے استفادہ کرتے ہیں، لیکن یہ طریقہ بہرحال ناپسندیدہ ہے اور قابل قبول نہیں ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بظاہر نکوٹین سے ہمارے دماغ کی وہ سرگرمی تبدیل ہوجاتی ہے جو غصے جیسے منفی جذبات کو بھڑکاتی ہے۔ غصیلے افراد اس قسم کے منفی جذبات پر قابو پانے کے لئے نکوٹین کا سہارا لیتے ہیں لیکن اس سکون کے عادی ہوجاتے ہیں جو نکوٹین انہیں فراہم کرتی ہے۔ یہ وہ پہلا طبی جائزہ ہے جس میں یہ دیکھا گیا ہے کہ نکوٹین سے دماغی نظام متحرک ہوجاتا ہے اور اس سے غصے پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔ نیواڈا یونیورسٹی میں نفسیات کے پروفیسر نوسیو کہتے ہیں کہ نکوٹین ایک حیران کن دوا ہے جو وقت اور خوراک کے لحاظ سے کسی بھی شخص کو پُرسکون کرسکتی ہے اور اسے ہیجان میں بھی مبتلا کر سکتی ہے تاہم اگر اسے طویل عرصے تک استعمال کیا جائے تو اس کا پُرسکون بنانے والا اثر کم ہوجاتا ہے۔
٭ ایک سائنسی تحقیق سے یہ ثابت کیا گیا ہے کہ مختلف پھولوں اور پھلوں کی خوشبو ذہنی دباؤ کو نمایاں طور پر کم کرتی ہے۔ جرنل آف ایگریکلچرل اینڈ فوڈ کیمسٹری میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بعض اقسام کی خوشبو سونگھنے سے ذہنی دباؤ سے تعلق رکھنے والے مخصوص جین متحرک ہوجاتے ہیں اور خون کی کیمسٹری میں ایک مخصوص تبدیلی واقع ہوتی ہے جس سے ذہنی دباؤ کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
جاپانی سائنس دان اکیونا کامورا ور ان کی ٹیم کے ارکان کو اپنی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بعض خوشبو دار تیلوں کی مالش نہ صرف انسانی موڈ پر خوشگوار اثرات مرتب کرتی ہے بلکہ جسمانی صحت کے لئے بھی مفید ثابت ہوتی ہے۔ ماہرین نے خوشبوؤں کے ذہنی دباؤ کی کیفیت پر اثرات کا جائزہ لینے بھی تجربات کئے تو معلوم ہوا کہ بعض خوشبوؤں کے سونگھنے سے خون کے خلیوں میں موجود اُن مخصوص مرکبات کی سطح تقریباً نارمل ہوگئی جو ذہنی دباؤ کی حالت میں بڑھ جاتی ہے۔ اسی طرح پھلوں میں لیموں، آم اور مالٹے کی خوشبو بھی ذہنی دباؤ کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔
٭ ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ لان کی گھاس کاٹنے سے ایک ایسا کیمیائی مادہ خارج ہوتا ہے جو انسان کو سکون اور خوشی کا احساس دلاتا ہے اور جس سے بڑھاپے میں پیدا ہونے والے ذہنی انحطاط کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔ کیونکہ یہ مادہ ذہن کے جذبات اور حافظے سے متعلق حصوں پر براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے۔ آسٹریلین ماہرین نے سات سالہ تحقیق کے بعد ایک ایسی خوشبو بھی تیار کر لی ہے جس کی مہک کسی لان سے اٹھنے والی تازہ کٹی ہوئی گھاس کے جیسی ہے۔ یہ خوشبو ذہنی دباؤ کو کم کرتی ہے اور یادداشت کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے۔ اس خوشبو کا خیال برسبین کی یونیورسٹی آف کوئنزلینڈ کے ایک نیورو سائنٹسٹ ڈاکٹر نک لیوی ڈس کو بیس سال قبل آیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید ذہنی دباؤ کی حالت میں دماغ کے جس حصے میں خلیوں کا درمیانی ربط کم ہوجانے سے ذہنی کارکردگی متاثر ہوتی ہے اور یادداشت خراب ہوجاتی ہے، یہ خوشبو اُس حصے کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھنے میں کارآمد ثابت ہوئی ہے۔