راولپنڈی میں احمدیت
مکرم منظور صادق صاحب ’’تاریخ احمدیت راولپنڈی‘‘ مرتب کررہے ہیں۔ روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 8؍جون 2002ء میں اُن کا ایک مضمون شامل اشاعت ہے جس میں راولپنڈی میں تاریخ احمدیت کی ابتدائی جھلک پیش کی گئی ہے۔
راولپنڈی کے پہلے خوش نصیب جنہیں حضرت مسیح موعودؑ کے دست مبارک پر بیعت کی سعادت نصیب ہوئی، حضرت صوفی نبی بخش صاحبؓ تھے جو اُس وقت بسلسلہ ملازمت لاہور میں مقیم تھے۔ رجسٹر بیعت اولیٰ میں آپؓ کا نام 175 ویں نمبر پر یوں درج ہے: ’’27؍دسمبر 1891ء: نبی بخش ولد عبداللہ ساکن راولپنڈی حال ملازم دفتر ایگزامینر صاحب بہادر ریلوے لاہور‘‘۔ حضرت اقدس علیہ السلام نے اپنی کتاب ’’ضمیمہ انجام آتھم‘‘ میں آپؓ کا نام 313 صحابہؓ کی فہرست میں 73ویں نمبر پر درج فرمایا ہے۔
حضرت صوفی صاحب 1863ء میں راولپنڈی کے محلہ قطب الدین میں پیدا ہوئے۔ 1882ء میں آپؓ کو خواب میں اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی زیارت کروادی تھی۔ اسی اثناء میں آپؓ کی حضورؑ سے خط و کتابت شروع ہوئی اور 1886ء میں آپؓ پہلی مرتبہ زیارت کے لئے قادیان تشریف لائے۔ اس ملاقات میں حضورؑ نے آپؓ کے خاندانی حالات دریافت فرمائے اور آپؓ واپس چلے آئے۔ 1891ء میں جلسہ سالانہ کے انعقاد کے فیصلہ کے بعد حضورؑ نے آپؓ کو بھی جلسہ میں شرکت کی دعوت دی۔ آپؓ جب جلسہ سالانہ پر گئے تو دیکھا کہ حضورؑ کا وہی حلیہ اور لباس ہے جو آپؓ کو 1882ء میں خواب میں دکھایا گیا تھا۔ جلسہ کے اختتام پر ہر ایک حضورؑ سے مصافحہ کرکے رخصت ہوتا رہا۔ آپؓ عمداً سب سے آخر میں گئے اور عرض کیا کہ مَیں نے ایک شخص کی آگے بیعت کی ہوئی ہے۔ حضورؑ نے فرمایا: ’’آپ کی بیعت نورٌ علیٰ نور ہوگی بشرطیکہ وہ شخص نیک ہے ورنہ وہ بیعت فسخ ہوجائے گی اور ہماری بیعت رہ جائے گی‘‘۔
1892ء کے جلسہ سالانہ کے موقع پر راولپنڈی سے حضرت صوفی صاحبؓ کے علاوہ بھی چار افراد تشریف لے گئے۔ 1902ء میں آپؓ کی اہلیہ حضرت غلام فاطمہ صاحبہؓ کے ہمراہ حاضر ہوئے اور آپؓ کی اہلیہ نے بھی بیعت کا شرف حاصل کرلیا۔
راولپنڈی کے دوسرے بزرگ جنہیں بیعت کی سعادت حاصل ہوئی حضرت سیٹھی غلام نبی صاحبؓ ہیں۔ آپؓ کو 1892ء میں بیعت کی سعادت عطا ہوئی اور آپؓ کا نام بھی 313 صحابہؓ میں 85ویں نمبر پر درج ہے۔ آپؓ کی بے شمار روایات محفوظ ہیں۔ آپؓ ہی وہ خوش نصیب ہیں جو قادیان میں قیام پذیر تھے جب ایک رات بارہ بجے دروازہ کسی نے کھٹکھٹایا۔ آپؓ نے کھولا تو حضرت اقدسؑ کھڑے تھے۔ ایک ہاتھ میں لیمپ تھا اور دوسرے میں سونٹا اور دودھ کا پیالہ۔ فرمایا: بھائی صاحب! دودھ آگیا تھا تو مَیں آپؓ کے لئے لایا ہوں۔
راولپنڈی کے ایک اَور بزرگ حضرت مولوی محمد فضل صاحب آف چنگابنگیال بھی 313 صحابہ میں شامل ہیں اور 150ویں نمبر پر آپؓ کا نام درج ہے۔ آپؓ ایک ممتاز عالم دین اور قاہرہ کی الازہر یونیورسٹی سے فارغ التحصیل اور عربی کے مضمون میں گولڈ میڈلسٹ تھے۔ آپؓ 1938ء میں 70 سال کی عمر میں فوت ہوئے اور چنگابنگیال میں مدفون ہیں۔