رسم اَور چلائی ہے جو ظالم نے ستم میں … نظم
(مطبوعہ ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘، الفضل انٹرنیشنل لندن 7؍اگست 2023ء)
روزنامہ’’الفضل‘‘ربوہ 27؍دسمبر2014ء میں مکرم احمد منیب صاحب کی ایک نظم شامل اشاعت ہے جو گوجرانوالہ میں احمدی خواتین پر ہونے والے ظلم و ستم کے حوالے سے کہی گئی ہے۔ اس نظم میں سے انتخاب ہدیۂ قارئین ہے:
رسم اَور چلائی ہے جو ظالم نے ستم میں
معصوم کا دَم گھُٹ گیا مادر کے شکم میں
اک اَور شہادت پہ شہادت ہے ردھم میں
تاریخ کے اَوراق میں نم اَور بھی لکھنا
رکھنا نہیں ہاتھوں سے قلم ، اَور بھی لکھنا
ظالم کے مقدّر میں ہے ظلمت کی سیاہی
اِک روز اُجڑ جائے گی یہ شہر پناہی
چھا جائے گی ہر سمت گھٹا ٹوپ تباہی
سہنا ہے اَلمناک اَلم اَور بھی لکھنا
رکھنا نہیں ہاتھوں سے قلم ، اَور بھی لکھنا
مولا ہے ، فضاؤں میں اُڑاتا ہے جو ٹکڑے
پُرنُور بناتا ہے شہیدوں کے وہ ُمکھڑے
پُرعزم ہیں ہم لوگ ، سناتے نہیں دُکھڑے
لغزش کبھی کھائے نہ قدم اَور بھی لکھنا
رکھنا نہیں ہاتھوں سے قلم ، اَور بھی لکھنا