روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ کا سالانہ نمبر1999ء

روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ نے اپنے سالانہ نمبر 1999ء کا انتساب صحابہ رسولﷺ کے نام کیا ہے۔ نہایت عمدہ مضامین اس شمارہ کی زینت ہیں اور صحابہ کرام کے روشن کردار کے ہر پہلو کو اجاگر کرنے کی کامیاب کوشش کی گئی ہے۔
آنحضرتﷺ نے فرمایا: میرے صحابہ کے دل میں اللہ ہی اللہ ہے۔ انہیں طعن و تشنیع کا نشانہ نہ بنانا۔ جو شخص ان سے محبت کرے گا تو وہ دراصل میری محبت کی وجہ سے کرے گا اور جو شخص ان سے بغض رکھے گا دراصل وہ مجھ سے بغض کی وجہ سے ان سے بغض رکھے گا۔ جو شخص ان کو دکھ دے گا اس نے مجھ کو دکھ دیا اور جس نے مجھے دکھ دیا اس نے اللہ کو دکھ دیا۔ اور جس نے اللہ کو دکھ دیا اور ناراض کیا تو ظاہر ہے وہ اللہ کی گرفت میں ہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں: ’’دنیا میں دو قسم کے تعلقات ہوتے ہیں۔ ایک جسمانی تعلقات جیسے ماں باپ بھائی بہن وغیرہ کے تعلقات۔ دوسرے روحانی اور دینی تعلقات۔ یہ دوسری قسم کے تعلقات اگر کامل ہوجائیں تو سب قسم کے تعلقات سے بڑھ کر ہوتے ہیں اور یہ اپنے کمال کو تب پہنچتے ہیں جب ایک عرصہ تک صحبت میں رہے۔ دیکھو رسول اللہﷺ کے ساتھ جو جماعت صحابہؓ کی تھی اس کے یہ تعلقات ہی کمال کو پہنچے ہوئے تھے۔ جو انہوں نے نہ وطن کی پروا کی اور نہ اپنے مال و املاک کی اور نہ عزیز و اقارب کی۔ یہاں تک کہ اگر ضرورت پڑی تو انہوں نے بھیڑ بکری کی طرح اپنے سر خدا کی راہ میں رکھ دیئے‘‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں